مسواک مہم
26/11/2015
مکتوب خادم
السلام علیکم ورحمۃ اللہ وبرکاتہ!
اللہ تعالیٰ کے دین کی خاطر جان قربان کرنے والوں کی شان بہت بلند ہے … مقبوضہ کشمیر ’’ٹنگڈھار‘‘ ضلع کپواڑہ… مشرکین کے فوجی کیمپ کو تہس نہس کرنے والے ’’جانبازوں‘‘ کوسلام عقیدت … امت مسلمہ خوش نصیب ہے کہ اسکی گود میں ایسے جری، جانثار موجود ہیں…سبحان اللہ! بویرہ کی آگ کے شعلے تھے… حجامہ مہم میں محنت کرنے والوں کے لئے قلبی دعاء… اللہ تعالیٰ ہی  سے اجر کے امیدوار رہیں… اورحجامہ کے ذریعہ دین اورجہادکو نفع پہنچائیں… حجامہ کو مقصود بناکر اصل کام سے کٹ نہ جائیں… الحمدللہ اس مہم میں تقریبا بیس ہزار مسلمانوں نے سنت علاج کرایا … آج مغرب سے جمعہ شریف اور مقابلۂ حسن ہے… آئندہ تین دن ایک بڑا کام کریں… ہماری مسلمان خواتین میں’’مسواک‘‘ کی سنت ختم ہو رہی ہے… ان کے ’’پرس‘‘ میں ہر الابلا ہوتی ہے مگر مسواک نہیں… حالانکہ مسواک کی اکثر احادیث ایک خاتون حضرت اماں عائشہ رضی اللہ عنہا سے مروی ہیں… مسواک تمام انبیاء علیہم السلام کی سنت ہے… اور یہ انسانی فطرت کے لئے ضروری دس چیزوں میں سے ایک ہے… مسواک اتنی اہم سنت ہے کہ حضرت آقا مدنی صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا… اگر امت پر مشقت کا خطرہ نہ ہوتا تو میں اسے ہر وضوکے ساتھ لازم فرما دیتا… یعنی واجب قرار دیتا… مسواک چھوڑنے کی وجہ سے خواتین کی نمازیں بے جان، تلاوت بے کیف، وضو بے رنگ، دانت بیمار،گلے کمزوراورمعدے خراب ہو گئے… بِسْمِ اللّٰہ کیجئے! آج ہی مسواک خریدکراپنے گھرکی سب خواتین تک پہنچائیں۔
والسلام
خادم
لاالہ الااللہ محمدرسول اللہ
(شہیدائے ٹنگڈھارکوخراج عقیدت، حجامہ ومسواک مہم)
27/11/2015
مکتوب خادم
السلام علیکم ورحمۃ اللہ وبرکاتہ!
اللہ تعالیٰ نے اپنی’’محبت‘‘ اور پسندکے اعلیٰ طریقے… اپنے محبوب نبی صلی اللہ علیہ وسلم کوعطاء فرمائے… آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے ان طریقوںکو’’محبت‘‘کے ساتھ اپنایا… یہ طریقے’’سنت‘‘ کہلاتے ہیں… ان میں خیر ہی خیر اور خوشبو ہی خوشبو ہے… ’’مسواک‘‘ بہت اعلیٰ اور محبوب سنت ہے… حضرت اماں عائشہ رضی اللہ عنہا فرماتی ہیں… حضور جب گھر تشریف لاتے تو سب سے پہلے مسواک فرماتے… اور آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے اپنے وصال کے وقت جو آخری کام فرمایا، وہ بھی’’مسواک‘‘ تھا… یہ مسواک حضرت عائشہ رضی اللہ عنہا نے چباکر نرم فرمایا… حضرت علی رضی اللہ عنہ گھر میں داخل ہوئے تو دیکھاکہ حضرت سیدہ فاطمہ رضی اللہ عنہا مسواک فرمارہی ہیں… بہت خوش ہوئے اور محبت کے اشعار پڑھے… افسوس!کہ آج مسلمان بہن اس عظیم سنت سے محروم اور غافل ہے… تین دن محنت کریں… ان تین دنوں میں اٹھارہ لاکھ مسلمان خواتین میں مسواک کی سنت زندہ کرنی ہے، ان شاء اللہ… سب سے پہلے ہر مرد مؤمن خود مسواک کا اہتمام کرے… عمل ہوگا تو دعوت میں تاثیر ہوگی… پھر اپنی ان خواتین کو جن سے آپ کا پردہ نہیں… مسواک اور اس کی دعوت پہنچائیں… شیطان کو مسواک سے بہت تکلیف ہوتی ہے…  کیونکہ مسواک کی برکت سے نماز ستر گنا زیادہ اجر والی ہوجاتی ہے… اور ہر عمل کا اجر اسی طرح بڑھ جاتا ہے… دوسری طرف مسواک کی شان یہ ہے کہ ایک بار حضرت جبرئیل اور حضرت میکائیل علیہماالسلام ملاقات کے لئے حاضر ہوئے تو آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے دونوں حضرات کو مسواک کا ہدیہ دیا۔
والسلام
خادم
لاالہ الااللہ محمدرسول اللہ

(مسواک مہم)
28/11/2015
مکتوب خادم
السلام علیکم ورحمۃ اللہ وبرکاتہ!
اللہ تعالیٰ دین اسلام کا محافظ ہے… یہ دین نہیں مٹ سکتا… جب مٹے گا تو دنیا بھی ساتھ مٹ کر ختم ہو جائے گی… لاہور میں آج’’رنجیت سنگھ‘‘ نہیں ہے مگر اسلام اور مسلمان موجود ہیں… اس نے لاہور کی مساجد کو اصطبل بنا دیاتھا… یروشلم کی دیوار کے نیچے کتنے مسلمان دفن ہیں… دجلہ اور فرات کے دریاؤں نے مسلمانوں کی کتنی لاشیں دیکھیں… آج تاتاری نہیں ہیں مگر اسلام موجود ہے… اٹلی نے شیخ عمر مختار کو پھانسی دے کر اعلان کیاکہ لیبیا اب ہمیشہ ہمارا ہے… مگر آج لیبیا میں اٹلی کا ایک کتا بھی نہیں ہے مگر اسلام اور اس کے مجاہدین موجود ہیں… طرح طرح کے ٹوتھ پیسٹ… بدبودار ماڈلزکے ذریعہ ان کی تشہیر… مگر مسواک کی سنت نہ مٹ سکی… اے مسلمان بہنو! سنت میں نور ہے، سنت میں عزت ہے، سنت میں شفاء ہے، سنت میں سکون ہے… جب کوئی یورپ زدہ برائلر مرغی آپ کو اپنا قیمتی ٹوتھ پیسٹ اور برش دکھائے توآپ عزت، وقاراور فخر کے ساتھ اپنے  پرس سے’’مسواک‘‘ نکال کردکھا دیں کہ… یہ ہے شان والی چیز… ٹوتھ پیسٹ منع نہیں مگر اس سے سنت ادا نہیں ہوتی… ٹوتھ پیسٹ جتنی زیادہ آتی جا رہی ہے ہیں، دانتوں کے ڈاکٹروں کی دکانیں بھی اتنی بڑھتی جارہی ہیں… مسواک کا اہتمام کرنے والوں کو مرتے وقت کلمہ نصیب ہوتا ہے… حدیث کے الفاظ دیکھیں وجد طاری ہوجائے گا…’’مسواک منہ کی پاکی اور اللہ تعالیٰ کی رضاء کا ذریعہ ہے‘‘… سُبْحَانَ اللّٰہ، سُبْحَانَ اللّٰہ۔
والسلام
خادم
لاالہ الااللہ محمد رسول اللہ
(مسواک مہم)
29/11/2015
مکتوب خادم
السلام علیکم ورحمۃ اللہ وبرکاتہ!
اللہ تعالیٰ نے ہر’’سنت‘‘میں صحت اور’’برکت‘‘ رکھی ہے… قبرکی خوشبو اورآخرت کا نور… مسواک بڑی اہم اور پاکیزہ سنت ہے… حضرات صحابہ کرامؓ اور اسلاف نے مسواک کے جو فوائد ارشاد فرمائے ہیں… ان میں سے چند ملاحظہ فرمائیں… (۱) مرتے وقت کلمہ نصیب ہوتا ہے… (۲) روح نکلنے میں آسانی ہوتی ہے… (۳) منہ خوشبودار ہوتا ہے… (۴) مسوڑھے مضبوط ہوتے ہیں … (۵) بلغم ختم ہوتی ہے… (۶) دانتوں کے کیڑے مرتے ہیں اور انکی جڑوں کا درد ٹھیک ہو جاتا ہے … (۷) معدے کی اصلاح ہوتی ہے… (۸) آواز صاف ہوتی ہے… (۹) کھانا جلد ہضم ہوتا ہے… (۱۰) تجوید کے مخارج ادا کرنا آسان ہوتا ہے… (۱۱) نیند اور سستی دور ہوتی ہے… ۱۲) نماز اور ذکر میں نشاط ہوتا ہے… (۱۳) فرشتوں کو پسند آتا ہے… (۱۴) زیادہ نیکیوں کی توفیق ملتی ہے… (۱۵) دانت سفید ہوتے ہیں… (۱۶) منہ اور گلے کے زخم درست ہو جاتے ہیں… (۱۷) سگریٹ، چرس کا نشہ چھوڑنے میں آسانی ہوتی ہے… (۱۸) عبادات کا اجربڑھ جاتا ہے… (۱۹) انسان اپنی فطرت پاتا ہے…(۲۰) تمام انبیاء علیہم السلام کی سنت پر عمل ہوتا ہے… اور بھی بہت سے فوائد اور فضائل … شرط یہ کہ سنت کی نیت سے کریں… اور مستقل کریں اور ایسی عادت بنائیں کہ جب کبھی چھوٹے تو دل بے قرار ہو جائے… اے مسلمان بہنو! سنت مسواک، سنت مسواک، سنت مسواک۔
والسلام
خادم
لاالہ الااللہ محمد رسول اللہ
(مسواک مہم)
30/11/2015
مکتوب خادم
السلام علیکم ورحمۃ اللہ وبرکاتہ!
اللہ تعالیٰ کے مخلص بندے’’فرائض‘‘کے عاشق… ’’سنتوں‘‘کے شیدائی… اور ’’نوافل‘‘کے متوالے ہوتے ہیں … ’’مسواک‘‘ بڑی شان والی’’سنت‘‘ ہے… ہر مسلمان کے ساتھ ہر وقت کم ازکم دس فرشتے ہوتے ہیں … ایک فرشتہ ہونٹوں کے پاس ہوتا ہے جو ذکر، تلاوت ، درود کے موتی جمع فرماتا ہے… منہ کی بدبو سے فرشتوں کو اذیت اور تکلیف پہنچتی ہے… آج کل منہ کی بدبو کے لئے کیا کیا ایجاد ہو گیا…  سگریٹ، چرس، نسوار… غیبت اور جھوٹ سے بھی منہ میں بدبو پیدا ہوتی ہے… مسواک کی خوشبودار سنت ہمارے منہ کو قرآن کے قابل اور فرشتوں کے قابل بناتی ہے… الحمدللہ تین روزہ مہم کے حیرت انگیز اثرات سامنے آرہے ہیں… آج معلوم ہواکہ سیالکوٹ کے ایک’’مرد مؤمن‘‘ نے اس مہم کی برکت سے… گھر میں وہ درخت کاشت کردیے ہیں جن سے مسواک بنتی ہے… اللہ تعالیٰ ان کو
جزائے خیر عطاء فرمائے…الحمدللہ کئی حضرات اور خواتین حسب استطاعت مسواک تقسیم کر رہے ہیں اور سنت کی دعوت پھیلا رہے ہیں…القلم میں ان شاء اللہ مسواک کی فضیلت اوراوقات کی احادیث بھی اس بارآرہی ہیں…یہ سب اللہ تعالیٰ کا فضل اور اس کا احسان ہے… ہم جو نیکی بھی کرتے ہیں اس کا فائدہ خود ہمیں ہی ملتا ہے… اللہ تعالیٰ بے نیاز ہے،کسی کے عمل کا محتاج نہیں۔
والسلام
خادم
لاالہ الااللہ محمد رسول اللہ
(مسواک مہم)
03/12/2015
مکتوب خادم
السلام علیکم ورحمۃ اللہ وبرکاتہ!
اللہ تعالیٰ ہمارے دلوںکودین پرمضبوط فرمائے… اَللّٰھُمَّ یَامُقَلِّبَ الْقُلُوْبِ ثَبِّتْ قُلُوْبَنَا عَلٰی دِیْنِکَ…(۱)  الحمد للہ’’کُلَّ یَوْمٍ ھُوَ فِیْ شَاْنٍ‘‘کی تفسیر رنگ نورکی تین قسطوں میں مکمل ہوئی… جو مکمل فائدہ اٹھانا چاہیں وہ تینوں مضمون ایک باراکٹھے پڑھ لیں… قرآن مجیدکا علم بڑی نعمت ہے…(۲) اجتماعات کانصاب بھی اس بارکے رنگ ونور میں مختصرآگیا ہے، اسے اپنے اجتماعات میں نافذکریں … (۳) مسواک کی جو احادیث اور فضائل ہیں وہ مسلمان مردوں اور خواتین دونوں کے لئے برابر ہیں، ایک ذرہ برابر بھی فرق نہیں، اس لئے خواتین میں’’سنت مسواک‘‘کے احیاء کی محنت جاری رہے… (۴) آج مغرب سے جمعہ شریف آتے ہیں، مقابلۂ حسن کی رحمتیں جھولیاں بھرکر حاصل کریں۔
والسلام
خادم
لاالہ الااللہ محمدرسول اللہ

(متفرق ہدایات)