بسم اللہ الرحمن الرحیم

<مکتوب خادم>

اہل حکمت کو سلام

السلام علیکم ورحمة اللہ وبرکاته..

اللہ تعالی ہم سب کو ”اخلاص“ اور ”حسن خاتمہ“ نصیب فرمائیں..

اَللّٰهُمَّ اِنَّا نَسْاَلُكَ الْاِخْلَاصَ فِي الْعِلْمِ وَالْعَمَلِ وَحُسْنَ الْخَاتِمَۃِ

سورہ بقرہ کی آخری دو آیات..اللہ تعالی کا اس امت پر خصوصی انعام ہیں..

”حضور اقدس صلی اللہ علیہ وسلم جب معراج کی رات ”سدرۃ المنتہیٰ“ پر پہنچے تو آپ صلی اللہ علیہ وسلم کو تین ایسی چیزیں عطاء فرمائی گئیں..جو آپ سے پہلے کسی نبی کو نہیں دی گئیں..(۱) پانچ فرض نمازیں (۲) سورہ بقرہ کی آخری آیات (۳) آپ صلی اللہ علیہ وسلم کی امت کے ”مُقْمِحَات“ کی بخشش جب تک کہ وہ شرک نہ کریں “(بخاری ،مسلم)

مُقْمِحَات وہ سخت کبیرہ گناہ جو انسان کو ہلاک کر دیتے ہیں...اس امت کے ایسے شدید گناہ بھی..اللہ تعالی توبہ، استغفار سے یا اپنے فضل سے بالکل مٹا کر معاف فرما دیتے ہیں..

”وَاعْفُ عَنَّاٙ وَاغْفِرْ لَنَاٙ وَارْحَمْنَاٙ اَنْتَ مَوْلٰىنَا فَانْصُرْنَا عَلَى الْقَوْمِ الْكٰفِرِیْنَ“

 اہل حکمت کو سلام

الحمدللہ ”المدارس النورانیہ“ کے سلسلہ کا دوسرا مدرسہ بھی اللہ تعالی کے فضل و کرم سے شروع ہو چکا ہے..اس نعمت پر جتنا شکر ادا کیا جائے کم ہے..مبارکباد کے مستحق ہیں وہ ”اہل حکمت مسلمان“ جو اپنا مال اتنے عظیم اور قیمتی مصرف میں لگا رہے ہیں..مال تو بہت لوگوں کو مل جاتا ہے مگر ”حکمت“ کسی کسی کو نصیب ہوتی ہے..ماشاءاللہ لا قوۃ الا باللہ..یہ ”اہل حکمت“ ہوتے ہیں جو اپنے مال کا پورا پورا نفع اٹھاتے ہیں..اور اس سے ”فردوس اعلیٰ“ میں محلات خریدتے ہیں..اور اللہ تعالی کے ساتھ نفع والی تجارت کرتے ہیں..ورنہ تو کتنے لوگ ہیں..جو اپنے مال کو اپنے لیے وبال بنا لیتے ہیں..یا تو اسے گننے، سنبھالنے اور بچانے میں اپنی عمر ضائع کر دیتے ہیں یا اس مال سے اپنے لیے قبر کے سانپ اور جہنم کی آگ خریدتے ہیں..یا اللہ ہم سب کو ”حکمت“ نصیب فرما..

والسلام

خادم.....لااله الاالله محمد رسول الله