<مکتوب خادم>

ایک منٹ کا فیصلہ

السلام علیکم ورحمة اللہ وبرکاته..

اللہ تعالی ہمیں ”حکمت“ عطاء فرمائیں..درست فیصلہ کرنے کی توفیق عطاء فرمائیں..

ملک میں کتنے ”سینما“ ہیں؟..میوزک سینٹرز، کلب اور طرح طرح کے گناہوں کے اڈے ہیں..ان سب عمارتوں کو بنانے والے اکثر لوگ مر کھپ چکے ہیں..جب انہوں نے اپنی زمینوں پر اپنے مال سے گناہ کے یہ مراکز بنانے کا فیصلہ کیا ہوگا تو یہ..کتنا نقصان دہ اور غلط فیصلہ تھا..وہ چلے گئے اور ان کے گناہ چل رہے ہیں..بڑھ رہے ہیں..یا اللہ آپ کی پناہ..

ملک میں کتنی ”مساجد“ ہیں؟..کتنے مدارس ہیں؟ ان مبارک عمارتوں کو بنانے والے اکثر لوگ بھی دنیا سے چلے گئے..مگر انہوں نے اپنی زمین، اپنے پلاٹ اور اپنے مال کے بارے میں کتنا اچھا فیصلہ کیا..وہ چلے گئے..مگر ان کی نیکیاں جاری ہیں..بڑھ رہی ہیں..وہ آرام سے قبر و برزخ میں ہیں..مگر ان کا نامہ اعمال اب بھی نیک اعمال سے وزنی ہو رہا ہے..بس ایک منٹ..بلکہ چند سیکنڈ کے ”فیصلے“ کی بات ہوتی ہے..

 ایک مالدار آدمی ایک غریب آدمی سے پلاٹ خریدنے پہنچا..اس غریب کو یہ پلاٹ حال ہی میں اپنے بڑوں کی میراث سے ملا تھا..وہ خوش تھا کہ اسے بیچ کر وہ اپنی معاشی حالت بہتر بنائے گا..سودا طے پا گیا تو ”غریب“ کو پتہ چلا کہ مالدار آدمی اس پلاٹ پر ”مسجد“ بنائے گا..اس نے سودا منسوخ کردیا..اور کہا! میرے پلاٹ سے خود میرے لئے جنت کا ”اپنا گھر“ کیوں نہ بنے..میرا اپنا نیکیوں کا کارخانہ کیوں نہ لگے..بس ایک منٹ کی ہمت اور فیصلے نے اس کے ”مقام“ کو زمین سے آسمان تک پہنچا دیا..مال پڑا ہوا ہے، پلاٹ پڑا ہوا..مالک کو اس کا حساب دینا ہوگا..ہمت کرکے فیصلہ کیا کہ اللہ تعالی کے لئے لگا دوں..اب وہ اس مال کا اور اس پلاٹ کا حساب لے گا، اجر لے گا..ایک منٹ کے فیصلے نے ”بوجھ“ کو ”راحت“ بنا دیا..اب نہ کوئی پریشانی نہ فکر..بس اجر ہی اجر..عجیب بات یہ ہے کہ ایسا فیصلہ کرنے والوں کو اللہ تعالی کبھی کمی نہیں آنے دیتے..

ہم نے واقعات سنے ہوں گے کہ جہازوں کے کاروبار کرنے والے آخر میں بھیک مانگتے مرے..مگر مسجد بنانے والا..دین پر خرچ کرنے والا..کبھی کسی کا محتاج نہیں ہوا..بس اصل بات یہ ہے کہ..اللہ تعالی جسے چاہتے ہیں ”حکمت“ عطاء فرما دیتے ہیں..پھر ہمیشہ کام آنے والا ”ایک منٹ“ کا فیصلہ انسان کے لئے آسان ہو جاتا ہے..

یا اللہ، یا حکیم..حکمت عطاء فرما دیجئے..اور ہمیں بھی ہمیشہ کام آنے والے..خیر کے فیصلوں کی توفیق عطاء فرما دیجئے..

والسلام

خادم....لااله الااللہ محمد رسول اللہ