<مکتوب خادم>

مبارک جوڑ

السلام علیکم ورحمة اللہ وبرکاته..

اللہ تعالی کے ساتھ ”نسبت“.. جسے بھی نصیب ہو جائے..وہ بہت قیمتی ہو جاتا ہے..بہت اونچا ہوجاتا ہے..اللہ تعالی کے انبیاء..اللہ تعالی کے ملائکہ..اللہ تعالی کا گھر..اللہ تعالی کے اولیاء..وغیرھم..

قیمتی ہیرا جس کپڑے میں لپیٹا جاتا ہے..جس ڈبے میں رکھا جاتا ہے..اس کپڑے اور ڈبے کی ”عزت“ بھی بڑھ جاتی ہے..جو خوش نصیب افراد حضرات انبیاء علیہم الصلاۃ والسلام کی صحبت میں رہے..وہ کتنے اونچے ہوگئے..یہ بڑا دلچسپ اور بہت اہم موضوع ہے..”کعبہ شریف“ اللہ تعالی کا گھر ہے..اب جو چیز بھی اس کے ساتھ جڑ جاتی ہے اس کی شان بلند ہوجاتی ہے..کعبہ شریف کی چابیاں جس خاندان کے پاس ہیں..اس کی عزت بادشاہوں سے بڑھ کر ہے..جو کپڑا غلاف کعبہ بنتا ہے وہ اہل ایمان کے نزدیک بڑی شان رکھتا ہے..

اب ہم اپنے زمانے، ماحول اور آس پاس کو دیکھیں..الحمدللہ ہمارے پاس بھی..اللہ تعالی سے براہ راست نسبت رکھنے والی عظیم چیزیں موجود ہیں..مثلا کتاب اللہ..اور مساجد اللہ..الحمدللہ”اولیاء اللہ“ بھی موجود ہیں..مگر امت میں انتشار کی وجہ سے..انکی پہچان کچھ مشکل ہے..ہر کسی نے اپنے اپنے ”برانڈ“ کے ”ولی“ ڈھونڈ رکھے ہیں..مگر ”کتاب اللہ“ اور ”مساجد اللہ“ کی اللہ تعالی سے براہ راست ”نسبت “ تو یقینی ہے..پس ہم ان دونوں سے جس قدر قریب ہوتے جائیں گے..ہمیں اسی قدر اللہ تعالی کی محبت.. اللہ تعالی کی نسبت..اللہ تعالی کی رحمت ملتی جائے گی..ہم ان دونوں سے خصوصی تعلق بنائیں گے تو ہم بھی ”خاص“ ہو جائیں گے..ہم ان دونوں کے سچے خادم بنیں گے تو ہمیں عزت اور اونچا مقام ملے گا..جس طرح گھر کے خادم کو ہر وقت حاضری نصیب ہو جاتی ہے..ہم ”قرآن“ اور ”مسجد“ کی محبت دل میں لا کر..ان کے ساتھ اپنا رشتہ جوڑیں گے تو ہم پر ان دونوں کے تقدس، مقام، شرف اور پاکیزگی کے اثرات ظاہر ہوں گے..”اولیاء اللہ“ سے بھی تعلق مضبوط کریں..اور کتاب اللہ اور مساجد اللہ سے خصوصی تعلق بنا کر..اللہ تعالی سے دائمی عزت اور مقام حاصل کریں..جہاں خصوصی تعلق ہو..وہاں وقت گزارنا بھی خوشی..زیادہ سے زیادہ مال لگانا بھی خوشی..اور خوشی سے نیکی کرنے والے ہی..”احسان“ کا اونچا مقام پاتے ہیں..

بہت اہم راز معلوم ہو گیا..ہم ”مٹی“ سے بنے ہیں..اور مٹی کی عزت اور ذلت اس کے ”جوڑ“ سے ہوتی ہے..مٹی اچھی چیز کے ساتھ جڑ جائے تو قیمتی ہو جاتی ہے..گندی چیز کے ساتھ ”جڑ“ جائے تو ”گندی“ ہو جاتی ہے..اس لئے اللہ تعالی کےدین..اللہ تعالی کے نبی صلی اللہ علیہ وسلم..اللہ تعالی کے قرآن..اللہ تعالی کے گھر..اللہ تعالی کے اولیاء،اللہ تعالی کے شہداء..اور اللہ تعالی کے راستے سے جڑ جائیں..یہ ”مبارک جوڑ“ جنہیں نصیب ہو جائے انہیں بہت مبارک..اسی لئے فرمایا گیا کہ..جسے دیکھو کہ دل و جان سے مسجد سے جڑ گیا ہے تو اس کے ایمان کی گواہی دے دو..

والسلام

خادم....لااله الااللہ محمد رسول اللہ