<مکتوب خادم>

اللہ تعالی کی تقدیر

السلام علیکم ورحمة اللہ وبرکاته..

اللہ تعالی ”رمضان المبارک“ میں جن مسلمانوں کو مغفرت اور بخشش عطاء فرما دیتے ہیں..ان کی رمضان المبارک کے بعد..ایک دن کی ”عید“ ہوتی ہے..ان کے سروں پر ”مغفرت“ کا تاج اور دل میں ایک خاص قسم کی خوشی ہوتی ہے..اس سال جن مسلمانوں کو یہ ”عید“ نصیب ہوگی..انہیں پیشگی ”عید مبارک“..

”تَقَبَّلَ اللہُ مِنَّا وَمِنْكُمْ وَبَارَكَ اللہُ لَكُمْ وَعَلَيْكُمْ وَفِيْكُمْ“

اسی شکرانے میں نیا یا صاف لباس پہنا جاتا ہے..کھانا پینا ہوتا ہے..اور سب سے بڑھ کر عید کی نماز اور اللہ تعالی کا شکر ادا کیا جاتا ہے..

مغفرت نہ ملے تو کیا عید اور کیا نئے کپڑے..”جشن“ اور ”اودھم“ تو لوگ کسی بھی دن منا سکتے ہیں..اللہ تعالی ”عید“ کے نام پر اپنی نافرمانی کے مناظر سے ہماری حفاظت عطاء فرمائیں..

صدقہ فطر کھلے دل سے ادا کریں..صلہ رحمی اور غریب مسلمانوں کا خیال رکھیں..مالداری کے ایسے اظہار سے بچیں جس سے غریبوں کے بچوں کو تکلیف ہو..غمزدہ، ٹوٹےدل مسلمانوں کی دلجوئی کریں..اور ”ناشکری“ سے بچیں..ان سب کا آسان طریقہ یہ ہے کہ..سچے دل سے مغفرت مانگیں..اور یہ دعاء بار بار مانگیں کہ..اللہ تعالی ہمیں اپنی ”تقدیر“ پر راضی فرما دیں..

اَللهُمَّ اَرْضِنِيْ بِقَضَآءِكَ..اَللهُمَّ اَرْضِنِيْ بِقَضَآءِكَ..اَللهُمَّ اَرْضِنِيْ بِقَضَآءِكَ..

دنیا کی زندگی میں انسان کے ساتھ مرنا، جینا..خوشی، غم..صحت و بیماری..کشادگی اور تنگی..ملاپ اور جدائی..خوشحالی اور غم زدگی..ساتھ ساتھ لگے ہوئے ہیں..اور یہ سب کچھ ہمیں پہلے سے بتا دیا گیا ہے..مگر کس ٹائم کیا ہوگا اس کی کسی کو خبر نہیں.. بس انسان اپنے ارادے چھوڑ کر اللہ تعالی کے مبارک ارادوں کو قبول کرلے..اپنی چاہت چھوڑ کر اللہ تعالی کی چاہت کو اپنی چاہت بنا لے..اور اللہ تعالی سے اس کی تقدیر پر راضی ہونے کا سؤال..بار بار کرتا رہے..رو رو کر مانگتا رہے..

مکتوبات کا یہ سلسلہ..آج مکمل ہو رہا ہے..دعاء کی درخواست ہے..اور آپ سب کے لئے دل سے دعاء ہے..

اللَّهُمَّ فَرِّحْنَا بِالْاَمْنِ مٍنْكَ وَالرِّضْوَانِ..اَللَّهُمَّ اَرْضِنَا بِقَضَآءِكَ وَبَارِكْ لَنَا فِيْمَا قُدِّرَ لَنَا.......اللھم صل علی سیدنا محمد و علی آل سیدنا محمد..

والسلام

خادم....لااله الااللہ محمد رسول اللہ