بسم اللہ الرحمن الرحیم

<مکتوب خادم>

مغلوب مسلمانوں کے لئے تحفہ

السلام علیکم ورحمةالله وبرکاته..
اللہ تعالی ہمیں اپنے ”عذاب“ سے بچائیں...عظیم دعاء (رَبَّنَا لَا تَجْعَلْنَا فِتْنَةً لِّلْقَوْمِ الظّٰلِمِیْنَ) کا ایک مفہوم تو ہم نے گزشتہ مکتوبات میں پڑھ لیا...اس کا دوسرا مفہوم حضرت امام مجاہد رحمہ اللہ تعالی نے یہ بیان فرمایا ہے:
”لاَ تُعَذِّبْنَا بِعَذَابٍ مِّنْ عِنْدِکَ“
یا اللہ ہمیں اپنی طرف سے کسی عذاب میں مبتلا نہ فرمائیں
”فَیَقُوْلُ قَوْمُ فِرْعَوْنَ لَوْ کَانُوْا عَلَی الْحَقِّ لَمَا عُذِّبُوْا“
کہ پھر فرعون اور اس کی قوم والے یہ کہیں کہ اگر یہ حق پر ہوتے تو ان پر عذاب نہ آتا
”وَیَظُنُّوْا اَنَّھُمْ خَیْرٌ مِّنَّا فَیَفْتَتِنُوْا“
اور وہ سمجھیں کہ وہ ہم سے بہتر ہیں چنانچہ وہ فتنے میں پڑ جائیں..یعنی اپنے کفر اور ظلم پر پکے ہو جائیں...امام مجاہد رحمہ اللہ کا یہ قول تفسیر ابن کثیر اور بغوی وغیرہ میں موجود ہے...اب دونوں اقوال ہمارے سامنے آگئے تو دعاء کا مفہوم ایک بار پھر دہرا لیتے ہیں:-
”عَلَى اللّٰهِ تَوَكَّلْنَا رَبَّنَا لَا تَجْعَلْنَا فِتْنَةً لِّلْقَوْمِ الظّٰلِمِیْنَ وَ نَجِّنَا بِرَحْمَتِكَ مِنَ الْقَوْمِ الْكٰفِرِیْنَ“
(مفہوم) ہم نے اللہ تعالی ہی کو اپنا کارساز بنا لیا ہے...ہم نے ہر خوف اور ہر وسوسہ دل سے نکال کر اللہ تعالی کی طاقت، مدد اور نصرت کا یقین دل میں بھر لیا ہے...اے ہمارے رب ہم پر اس ظالم قوم کو ایسا مسلط نہ فرما کہ وہ ہمیں تختۂ مشق بنا لیں اور ہماری مظلومیت اور بے بسی اور اپنے زور کو دیکھ کر خود کو مکمل برحق سمجھنے لگیں (جیسا کہ آج کل انڈیا کے متعصب ہندو سمجھ رہے ہیں)...اور یا اللہ ہمیں اپنی طرف سے بھی کسی عذاب اور مصیبت میں ایسا مبتلا نہ فرما...کہ ہماری حالت دیکھ کر کافر خود کو افضل، بہتر اور برحق سمجھنے لگیں اور اسلام قبول کرنے کا خیال ہی ان کے دل سے نکل جائے...اور یا اللہ ہمیں ان کافروں کی حکومت اور غلبے سے نجات عطاء فرما......
کاش ہندوستان، کشمیر اور برما کے مسلمان...اور باقی ساری دنیا کے مغلوب مسلمان اس قرآنی، معجزاتی، کراماتی دعاء کو سمجھیں...اپنائیں اور اس دعاء میں موجود سوچ، فکر اور جذبے کو اپنے اندر لائیں...تب اس دعاء کی قوت اور برکت ان کو نصیب ہوگی...اہل فلسطین اس دعاء کے بہت قریب ہیں...انہوں نے اس دعاء کی پہلی منزل یعنی ”توکل“ کو اختیار کر رکھا ہے...باقی دعاء بھی ان کے حق میں اللہ تعالی قبول فرمائیں...
کاش مسلمانوں کے دل میں....جذبہ آزادی پیدا ہو...وہ اسلام کے غلبے کی محنت کریں...اور کسی بھی جگہ کفر اور شرک کی حکومت اور اقتدار کو برداشت نہ کریں....تب یہ دعاء بھی موجود ہے اور اس کے پیچھے نصرت اور غلبہ بھی...
والسلام

خادم.....لااله الاالله محمد رسول الله