23.01.2026

بسم اللہ الرحمن الرحیم

<مکتوب خادم>

مناظرہ....فوائد و نقصانات

السلام علیکم ورحمة اللہ وبرکاته...

اللہ تعالی ہمیں اپنے محبوب ”دین اسلام“ پر مکمل ”یقین“ اور ”اعتماد“ عطاء فرمائیں...اور ہر شک شبہے، وہم اور کفریہ وسوسے سے ہماری حفاظت فرمائیں.....

ہم سب اپنے دل میں جھانک کر دیکھیں...اگر ہم ”دین اسلام“ پر مطمئن ہیں تو ہم شکر ادا کریں...اور ”ملحدین“ کے مناظرے نہ دیکھیں..نہ سنیں..

جاوید اختر ملحد کو....محترم مفتی شمائل صاحب زید قدرہ نے...شکست دی..بہت خوشی کی بات ہے...مگر میں خوشی کے باوجود وہ مناظرہ نہیں سن سکا...چند الفاظ سنے اور ان پر بھی اللہ تعالی سے معافی مانگی...آخر ہمیں کیا ضرورت ہے کہ..اپنے عظیم و برتر رب تعالی کی شان میں ”بے ادبی“ اور گستاخی سنیں؟..کیا وقت گزاری اور لطف اندوزی کے لیے یہی بُرا کام رہ گیا ہے؟..حضرت امام معروف الکرخی قدس سرہ فرماتے ہیں کہ..

..”شبہات میں ڈالنے والی چیزوں میں نہ پڑو..وہ تمہیں گمراہی میں ڈال دیں گی“..

حضور اقدس صلی اللہ علیہ وسلم نے ایک بار صحابہ کرام کو....تقدیر کے مسئلے پر گفتگو کرتے دیکھا تو اتنے ناراض ہوئے کہ...چہرہ مبارک انار کی طرح سرخ ہو گیا..اور آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے سخت ڈانٹ پلائی...اس مجلس میں شریک بعض صحابہ کرام ہمیشہ اپنی اس مجلس پر ندامت کا اظہار فرماتے تھے.....اللہ تعالی کا قرآن مجید میں واضح حکم ہے کہ..ایسی مجلس میں نہ بیٹھا کرو..جہاں ہماری آیات کا انکار کیا جاتا ہو..یا ان کا مذاق اڑایا جاتا ہو..اگر تم وہاں بیٹھو گے تو انہی میں شمار کیے جاؤ گے (مفہوم سورۃ النساء آیت ۱۴۰)

اب غور کریں...اس مناظرے کو سننے سے آپ کو کیا ملے گا؟..ایک خبیث شرابی ملحد کے ناپاک منہ سے....اللہ تعالی کا بار بار انکار....استغفراللہ، استغفراللہ، استغفراللہ...

سوشل میڈیا کے وہ افراد جو اس طرح کی بحثوں اور باتوں کو پھیلا رہے ہیں..وہ شاید نہیں سمجھ رہے کہ اس سے کتنے مسلمانوں کا یقین اور ایمان خطرے میں پڑ رہا ہے....

وجود باری تعالی اور تقدیر وغیرہ پر الحمدللہ مسلمانوں کا ایمان پکا ہوتا ہے..انہیں اس پر کسی مزید دلیل یا مطالعہ کی ضرورت نہیں ہوتی...عقائد اور ایمانیات کی ضروری باتیں پڑھنا اور سمجھنا تو ہر مسلمان پر ضروری ہے..لیکن ان باتوں کی باریکیوں میں جانا اور مخالفین کے دلائل کا رد سیکھنا یہ صرف مخصوص اہل علم کا کام ہے.....ہم سیدھے سادے مسلمان ان میں ہرگز نہ پڑیں....اور اپنے ایمان اور یقین پر اللہ تعالی کا شکر ادا کریں......

والسلام

خادم.....لااله الاالله محمد رسول الله