11.03.2026

بسم اللہ الرحمن الرحیم

<مکتوب خادم>

مُنَوَّرباطِنْ

السلام علیکم ورحمة اللہ وبرکاته...

اللہ تعالی کا شکر ہے..”اعتکاف“ شروع ہو گیا ہے..”جامع مسجد سبحان اللہ“ میں عجیب رونق، بہار اور انوارات ہیں..والحمدللہ رب العالمین..

(۱) اگر اعتکاف کا پورا فائدہ اٹھانا ہے تو دل کو پاک کر لیں..اور زبان پر قابو رکھیں..دل کو ہر مسلمان کی نفرت اور بغض سے..ریاکاری اور شرک سے..دنیا کی محبت اور بخل سے پاک کر لیں..سب مسلمانوں کو معاف کر دیں..اور زبان کو تلاوت، ذکر اور عبادت کے لیے وقف کر دیں..باتیں کریں ہی نہ..یا کم از کم کریں..جو جتنا کم بولے گا اتنا ہی فائدہ اٹھائے گا ان شاءاللہ..

(۲) اپنے چہروں پر خوشی اور مسکراہٹ سجا لیں..استغفار اور توبہ کے وقت خوب روئیں..مگر باقی وقت اپنے رفقاء کے لیے اپنے چہرے مسکراہٹ کے صدقہ سے بھر لیں..خصوصا جو خدمت کی سعادت حاصل کر رہے ہیں وہ...مسکراہٹ کی نعمت چہرے پر سجائے رکھیں..کسی سے سختی یا درشتگی کا مظاہرہ نہ کریں..

(۳) دو روحانی آوازیں..نورانی لہریں اور قیمتی صدائیں اپنے باطن..یعنی اپنی روح اور دل میں داخل کر لیں(پہلی آواز)إِیْمَاناًوَّإِحْتِسَاباً(دوسری آواز)فَضْلًا مِّنَ اللّٰهِ وَ رِضْوَانًا...جب بھی نماز، تلاوت، ذکر، تعلیم اور مراقبہ شروع کرنے لگیں تو آپ کے اندر یہ دو ایمانی اوازیں بلند ہوں...إِیْمَاناًوَّإِحْتِسَاباً..فَضْلًا مِّنَ اللّٰهِ وَ رِضْوَانًا.....کیونکہ عبادت صرف وہی قبول ہوتی ہے جو ایمان اور احتساب کے ساتھ ہو..اور حضور اقدس صلی اللہ علیہ وسلم کے صحابہ کرام کی اللہ تعالی نے تعریف فرمائی ہے کہ وہ اپنی عبادت اور محنت میں:-

”یَبْتَغُوْنَ فَضْلًا مِّنَ اللّٰهِ وَ رِضْوَانًا“[الفتح(۲۹)]

اللہ تعالی کا فضل اور اللہ تعالی کی رضا ڈھونڈتے تھے.....

ایمان کا مطلب ہے اللہ تعالی پر اور دین اسلام پر ایمان اور یقین اور احتساب کا مطلب ہے کہ یہ عمل صرف اللہ تعالی کو خوش کرنے اور صرف اللہ تعالی سے بدلہ پانے کے لیے ہے...اور میرا مقصود اللہ تعالی کی رضا اور اللہ تعالی کا فضل ہے...یقین کریں اگر ان دو آوازوں کو آپ نے اپنے باطن اور دل میں پکا کر لیا تو ”عبادت“ کی حقیقت تک پہنچ جائیں گے..اور زندگی روحانی مزے اور لذت سے سرشار ہو جائے گی...ان شاءاللہ..

مہم کی محنت میں مشغول ساتھی بھی...ان دو نورانی لہروں کو اپنے باطن میں بیدار کریں..

إِیْمَاناًوَّإِحْتِسَاباً......فَضْلًا مِّنَ اللّٰهِ وَ رِضْوَانًا....

والسلام

خادم.....لااله الاالله محمد رسول الله