19.03.2026

بسم اللہ الرحمن الرحیم

<مکتوب خادم>

خبریں اور ہدیے

السلام علیکم ورحمة اللہ وبرکاته...

اللہ تعالی ہمیں علم نافع اور حکمت عطاء فرمائیں...الحمدللہ”مقابلۂ وفا“بہت ”باوفا“ رہا..اس میں انفاق، محنت، دعاء اور فکر کرنے والوں کو اللہ تعالی اپنے ”کامیاب“ اور ”محبوب“ بندوں میں ہمیشہ کے لیے شامل فرما دیں..مقابلے کی کامیابی کی خوشی اور شکر میں تحائف اور ہدایا کا سلسلہ جاری رکھتے ہیں..اللہ تعالی قبول فرمائیں..نافع بنائیں..پہلے کچھ اچھی خبریں..

• الحمدللہ انڈیا کا چھٹا سیٹلائٹ بھی راستے میں تباہ ہو گیا ہے..اب تک اس پروگرام پر اربوں ڈالر خرچ ہو چکے ہیں..اور چھ کوششیں ناکام ہو چکی ہیں..اتنے پیسوں سے اپنی غریب عوام کے لیے ”بیت الخلاء“ ہی بنا دیتے تو دنیا میں بدبو کچھ کم ہو جاتی..لیکن دنیا میں بدبو پھیلانے کے لیے انڈیا کا ”بالی وڈ“ بھی مسلسل سرگرم ہے..مسلمان فلمیں نہ دیکھا کریں..خصوصا انڈین فلمیں تو ایمان اور حیا کے لیے ”زہر قاتل“ کی طرح ہیں...

• الحمدللہ پاکستان اور افغانستان میں عارضی جنگ بندی ہو چکی ہے..دل سے دعاء کریں کہ یہ ”جنگ بندی“ مستقل ہو جائے....خبریں اور بھی ہیں مگر اب تحائف...

(۱) اکثر مسلمان جو سخت مصائب اور پریشانیوں کا شکار ہوتے ہیں..یہ دراصل ان کی ”غلط دعاؤں“ کا نتیجہ ہوتا ہے..بے صبری اور جلد بازی میں معلوم نہیں کیا کیا مانگ لیتے ہیں..اور پھر ان ”دعاؤں“ کے وبال کا شکار ہو جاتے ہیں..یہ بڑا اہم اور مفصل موضوع ہے..بس اتنا سمجھ لیں کہ..”دعاء“ سب سے عظیم ذات کے ساتھ ”رابطہ“ ہوتا ہے..اور قبولیت کی گھڑی کا پتا نہیں ہوتا..اس لیے ادب سے اور سوچ سمجھ کر مانگا کریں..بد دعاء سے پرہیز کریں..زیادہ کوشش مسنون دعاؤں کی کیا کریں..ہر دعاء میں ”خیر و عافیت“ کا لفظ جوڑا کریں..اور رمضان کے آخری لمحات میں اپنی غلط دعاؤں پر رو رو کر استغفار کریں کہ..یا اللہ جتنی غلط اور نقصان دہ دعائیں مانگی ہیں وہ معاف فرما..اور ان کے وبال سے باہر نکال..اور آئندہ ہمیشہ صحیح دعاء کی توفیق عطاء فرما...

(۲) جو خاوند اور بیوی چاہتے ہوں کہ ان کے دل خیر کے ساتھ جڑ جائیں وہ چپکے سے ایک دوسرے کے لیے استغفار کیا کریں..زیادہ سے زیادہ اور سچا استغفار..مثلاً..عورتیں یوں مانگیں..اَلّٰلهُمَّ اغْفِرْلِىْ وَلِزَوْجِىْ اَسْتَغْفِرُالّٰلهَ لِىْ وَلِزَوْجِىْ..اور مرد یوں مانگیں..اَلّٰلهُمَّ اغْفِرْ لِىْ وَلِزَوْجَتِىْ اَسْتَغْفِرُالّٰلهَ لِىْ وَلِزَوْجَتِىْ..الفاظ یاد نہ ہوں تو اپنی زبان میں ایک دوسرے کے لیے اللہ تعالی سے مغفرت اور معافی مانگیں..یہ جس قدر زیادہ ہوگا..اسی قدر محبت بڑھے گی..اور ایک دوسرے کے عیب اور شکایات کسی اور کے سامنے نہ کریں..لباس کو بے لباس نہ کریں..

(۳) رزق کی وسعت کے مزے لینے ہوں تو اس دعاء کا روز کم از کم چار یا سات بار اور خصوصا جمعہ کے دن اہتمام کریں..

اَللّٰهُمَّ يَا غَنِيُّ يَا حَمِيْدُ، يَا مُبْدِئُ يَا مُعِيْدُ، يَا رَحِيْمُ يَا وَدُوْدُ اَغْنِنِيْ بِحَلَالِكَ عَنْ حَرَامِكَ وَبِطَاعَتِكَ عَنْ مَّعْصِيَتِكَ وَبِفَضْلِكَ عَمَّنَ سِوَاكَ..

اول آخر کم از کم چار بار درود شریف...یہ بڑا عجیب اور مجرب عمل ہے..مغرب سے جمعہ شریف اور مقابلہ حسن مرحبا!

والسلام

خادم.....لااله الاالله محمد رسول الله