مکتوب
خادم
السلام علیکم ورحمةالله وبرکاته..
اللہ تعالی نے ”میاں بیوی“ کے جوڑے سے..اس دنیا کو آباد
فرمایا ہے..جو مسلمان ”نکاح“ کی قدر کرتے ہیں..”نکاح“ پر شکر ادا کرتے ہیں..انکی شادی
کامیاب رھتی ہے..اور وہ اس کی برکت سے دنیا و آخرت کی بےشمار خیریں اور برکتیں حاصل
کرتے ہیں..مگر نکاح پر شکر ادا کرنے والے اس زمانے میں بہت کم ھیں..حالانکہ نکاح کوئی
معمولی نعمت نہیں ہے..یہ حضرات انبیاء و مرسلین کا تاکیدی عمل ہے..یہ حضرت آقا مدنی
صلی اللہ علیہ وسلم کا بار بار کا مبارک عمل ہے..یہ اللہ تعالی کا حکم ہے..یہ اللہ
تعالی کی آیات یعنی خاص نشانیوں میں سے ایک نشانی ہے..یہ فطرت کی کامیابی کا راز ہے..یہ
حضرت آقا مدنی صلی اللہ علیہ وسلم کا حکم ہے..یہ حضرات خلفائے راشدین کا طریقہ ہے..یہ
اسلام کے ہزاروں احکامات کو زندہ رکھنے کا ذریعہ ہے..یہ قیامت تک کا صدقہ جاریہ حاصل
کرنے کا ایک اھم وسیلہ ہے..یہ ان رشتوں کے بننے کا سبب ہے جو رشتے اللہ تعالی کو پسند
ھیں..یہ فاتح اور بہادر قوموں کو وجود بخشنے والا عمل ہے..آپ یقین کریں ان باتوں میں
ذرہ برابر مبالغہ نہیں..ہر بات کے پیچھے قرآن مجید کی آیت یا حدیث پاک اور تاریخ کی
دلیل ہے..آجکل ”وباء“ کے اندیشے سے شادی ہال بند ھیں..مگر شادی کے لئے شادی ہال تو
ضروری نہیں..آپ مسجد شریف میں نکاح کرائیں، سادگی کے ساتھ رخصتی اور ولیمہ کریں..زیادہ
مجمع نہ لگائیں..مگر ”نکاح“ کے معاملے میں تأخیر نہ کریں..یہ برکت والا عمل ہے..اسے
جاری رہنا چاھئے..
والسلام
خادم..
لااله الاالله محمد رسول الله