مکتوب خادم

السلام علیکم ورحمةالله وبرکاته..

اللہ تعالی ھم سب کو ”سلامتی“ عطاء فرمائیں..السلام علينا وعلى عبادالله الصالحين..ھم حضرت آقا مدنی صلی اللہ علیہ وسلم پر ”صلوٰۃ و سلام“ کی کثرت کریں گے تو ھمیں بہت عظیم اور وسیع ”سلامتی“ نصیب ہوگی..یہ جو ھم مسلسل نقصان اور گھاٹے میں جا رھے ھیں..دین کا بھی نقصان اور دنیا کا بھی نقصان..عمر گھٹ رھی ہے اور سب کچھ کم ھو رہا ہے..اس نقصان سے”سلامتی“ کے لئے ھم ”صلوۃ و سلام“ کی کثرت کریں..ھم جب آپ صلی اللہ علیہ وسلم پر سلام بھیجتے ھیں تو اللہ تعالی ھم پر سلامتی برساتے ھیں اور حضرت آقا مدنی صلی اللہ علیہ وسلم بھی ھمیں سلامتی کی دعاء دیتے ھیں..اس لئے محبت سے پڑھیں..السلام عليك ايها النبی ورحمة الله وبركاته..روایت میں ہے کہ..تین چیزوں کو اللہ تعالی نے بہت طاقتور سماعت عطاء فرمائی ہے..1.جنت..2.جہنم..3.حضور اقدس صلی اللہ علیہ وسلم کے روضہ اطہر پر موجود ایک فرشتہ..چنانچہ جب بھی کوئی بندہ دعاء کرتا ہے کہ یا اللہ مجھے جنت عطاء فرمائیے..اللهم انی اسالك الجنة..تو جنت سن لیتی ہے اور کہتی ہے یا اللہ اسے میرے اندر ٹھکانا عطاء فرمائیے..اور جو بندہ بھی دعاء مانگتا ہے..اللهم اجرنی من النار..یا اللہ مجھے جہنم سے بچائیے..تو جہنم سن لیتی ہے اور کہتی ہے یا اللہ اسے مجھ سے بچا لیجئے..اور جب امت میں سے کوئی رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم پر سلام بھیجتا ہے تو وہ فرشتہ سن لیتا ہے اور وہ سلام رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کو پہنچا دیتا ہے اور عرض کرتا ہے کہ فلاں نے سلام بھیجا ہے آپ اسے جواب ارشاد فرمائیے..آج انسانوں کے بنائے ھوئے فون بوسٹر اور نیٹ سرور ایک وقت میں لاکھوں کالیں اور رابطے وصول کر کے آگے پہنچا سکتے ھیں تو خالق کائنات جن چیزوں کو سماعت کی خصوصی طاقت عطاء فرمائیں..ان کی طاقت کا کیا عالم ھوگا..فون ھماری آواز اگر ایک لمحے میں سعودیہ اور ترکی پہنچا دیتے ھیں تو وہ فرشتہ کتنا جلدی ھمارا سلام پہنچا دیتا ھوگا..السلام عليك ايها النبی ورحمة الله وبركاته..

والسلام

خادم..

لااله الاالله محمد رسول الله