مکتوب خادم

السلام علیکم ورحمةالله وبرکاته..

اللہ تعالی نے ”غنم“ میں برکت رکھی ہے..حضور اقدس صلی اللہ علیہ وسلم نے حضرت ام ہانی رضی اللہ عنہا کو نصیحت فرمائی کہ غنم پالو بے شک اس میں برکت ہے (ابن ماجہ(

حضور اقدس صلی اللہ علیہ وسلم نے ارشاد فرمایا کہ شاۃ جنت کے جانوروں میں سے ہے (ابن ماجہ(

شاۃ“یعنی بھیڑ،دنبہ وغیرہ..

خود حضور اقدس صلی اللہ علیہ وسلم کے پاس ایک سو ”غنم“ تھیں..آپ صلی اللہ علیہ وسلم اس تعداد کو بڑھنے نہیں دیتے تھے..زائد ہونے والی مہمانوں کے کام آ جاتیں..اس بارے میں دیگر بھی کئی احادیث مبارکہ ہیں..ان شاء اللہ اس موضوع کی آیات اور احادیث کا خلاصہ مکتوبات میں پیش کردیا جائے گا..فی الحال ایک اہم، سنت اور مبارک عمل ”حجامہ“ کی یاددہانی ہے..آج بروز اتوار..حجاز میں چاند کی سترہ تاریخ ہے..یعنی ”حجامہ“ کی مسنون تاریخیں شروع ہوچکیں..سترہ،انیس اور اکیس..یہ تین تاریخیں مسنون ہیں..بعض روایات میں تئیس تاریخ بھی آئی ہے اگر وہ منگل کے دن پڑے..زندگی اور سال کے سب سے افضل دن شروع ہونے والے ہیں..یعنی عشرہ ذی الحجہ..اور پھر قربانی کا عظیم عمل بھی ہے..موسم بھی گرم ہے..خون کو ابالنے اور چھانٹنے والا..اس لئے اچھی طرح ”حجامہ“ کرا کے..خود کو قربانی، عبادت اور خوشی کے لئے تیار کرلیں..سر سے پاؤں تک جب بیمار، "ناکارہ، گندا اور آلودہ خون نکل جائے گا تو..جسم و جان ہلکے اور چست ہو جائیں گے..شیطانی اثرات بھی دھل جائیں گے..اور صحت کے احساس سے شکرگزاری کی نعمت بھی ان شاءاللہ نصیب ہوگی..اللہ تعالی مجھے اور آپ سب کو توفیق عطاء فرمائیں..شہری علاقوں، پوش سوسائٹیوں،اونچے  فلیٹوں، گنجان علاقوں اور چھوٹے گھروں والے مسلمان..کس طرح سے ”غنم“ اور ”انعام “ پالیں..آگے چل کر اس کی ترتیب بھی عرض کی جائے گی ان شاء اللہ..

والسلام

خادم..

          لااله الاالله محمد رسول الله