مکتوب خادم
السلام علیکم ورحمةالله وبرکاته..
اللہ تعالی نے ”دین اسلام“ کو ”کامل دین“ بنایا ہے..ہر اعتبار سے کامل اور مکمل..اس ”کرہ زمین“ کا آخری دین..دین محمد صلی اللہ علیہ وسلم..اور آخری امت..امت محمد صلی اللہ علیہ وسلم..یہ دین دنیا پر غالب ہونے اور دنیا پر نافذ ہونے کی مکمل صلاحیت رکھتا ہے..یہ دین انسانوں کی ہر شعبے میں رہنمائی فرماتا ہے..اس دین میں عقائد بھی ہیں..فرائض بھی..احکام بھی ہیں، قوانین بھی..اخلاق بھی ہیں اور معاملات کا طریقہ کار بھی..یہ دین انسان کو انسان بناتا ہے..اور اس کی دنیا و آخرت کو سنوار دیتا ہے..اس دین میں ایمان بھی ہے اور امن بھی..اسلام بھی ہے اور سلامتی بھی..جہاد بھی ہے اور خلافت بھی..معیشت بھی ہے اور سیاست بھی..خدمت بھی ہے اور غیرت بھی..یہ کامل دین ہے..اس کی ہر چیز اپنی ہے..یہ اپنے کسی معاملے میں غیروں کا محتاج نہیں..افسوس کہ کچھ عرصہ سے ہماری کمزوری، بزدلی اور حب دنیا کی وجہ سے مسلمان مغلوب ہیں..اور ہم پر غیروں کی سیاست، معیشت اور معاشرت کا نظام مسلط ہے..مگر الحمدللہ آزادی اور غیرت کی ہوائیں چل پڑی ہیں..اس کے نتیجے میں ان شاءاللہ جلد اسلام کو واپس اقتدار ملے گا.. تب اسلام کے دیگر احکام کی طرح..انعام اور غنم وغیرہ پالنے کے فوائد بھی کھل کر سامنے آئیں گے..تب حجامہ کو بھی اس کا اصل مقام ملے گا..تب ایک ایک سنت ہر جگہ جاری ہو گی..آخر کوئی بات تو تھی کہ اللہ تعالی نے اپنے محبوب پیغمبروں کو ”غنم“ چرانے پر لگایا..بخاری شریف کی روایت ہے کہ صحابہ کرام نے آپ صلی اللہ علیہ وسلم سے پوچھا..یا رسول اللہ کیا آپ نے بھی غنم (یعنی بھیڑ بکریاں) چرائی ہیں..آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا کہ..اللہ تعالی نے جو نبی بھی مبعوث فرمائے..انہوں نے ”غنم“ چرائی ہیں..سبحان اللہ جو کام سارے انبیاء علیہم السلام سے کرایا گیا..اس کے فوائد..اسکی حکمتیں..اسکی برکات اور اسکی ضرورت کسقدر ہو گی..ایمان والے سر جھکائیں، غور کریں تو ضرور روشنی پائیں گے ان شاء اللہ..آج کی اہم گزارش یہ ہے کہ..اگر آپ کے پاس استطاعت ہو..اور آپ کے کسی اہم دینی کام میں حرج نہ ہوتا ہو تو آپ قربانی کے ”انعام“ یعنی جانور ابھی سے خرید لیں..اونٹ، بیل، گائے، بھینس، دنبہ،بکرا..جو بھی استطاعت ہو..پھر اپنے پاس کھڑا کریں یا کسی اور کے پاس..عید تک ان کو کھلائیں، پلائیں..اللہ تعالی کے نام پر قربان ہونے والی اس مبارک مخلوق کی خدمت کریں..اس عمل کا جو اجر اور فوائد آپ کو ملیں گے..اسے بیان کرنے کے لئے ایک پورا مضمون بھی ناکافی ہے..دل کی روشنی سے غور فرمائیں..
والسلام
خادم..
لااله
الاالله محمد رسول الله