مکتوب خادم

السلام علیکم ورحمةالله وبرکاته..

اللہ تعالی ”علم نافع“ اور ”برکت“ عطاء فرمائیں..حضور اقدس صلی اللہ علیہ وسلم کا فرمان ہے!..گھر میں ایک ”شاۃ“ ایک برکت ہے..دو ”شاۃ“ دو برکتیں ہیں اور تین ”شاۃ“ بہت برکتیں ہیں (الادب المفرد للبخاری(

عربی زبان میں ”غنم“ اور ”شاۃ“ دونوں کا ایک ہی معنی ہے..یعنی دنبہ، بھیڑ اور بکری..حدیث شریف کے ترجمے میں ”شاۃ“ کا لفظ ہی لکھ دیا تاکہ تینوں چیزیں آجائیں..اگلی بات یہ سمجھیں کہ قرآن مجید میں ایک سورہ مبارکہ کا نام ”الانعام“ ہے..یہ سورت ساتویں پارے سے شروع ہوتی ہے اور آٹھویں میں مکمل ہوتی ہے..

الانعام“ کے معنیٰ ہیں..1.الابل یعنی اونٹ..2.البقر یعنی گائے..3.الغنم یعنی بھیڑ بکریاں دنبے..

ان تینوں کو ”الانعام“ کہتے ہیں..بھینس چونکہ ”البقر“ یعنی گائے کے خاندان سے ہے اس لئے وہ بھی اس میں شامل ہے..قرآن مجید میں جگہ جگہ الانعام“ یعنی مویشیوں کا تذکرہ ہے..باقی رہے گدھے اور گھوڑے تو کیا وہ ”انعام“ میں شامل ہیں؟ یہ ایک الگ موضوع ہے..فی الحال قرآن مجید کے علم کا ایک ”باب“ سیکھنے کے لئے ”الانعام“ کے وہی شرعی معنی یاد رکھیں جو اوپر عرض ہوئے ہیں..

اونٹ (نر اور مادہ) گائے (نر اور مادہ) بھینس (نر اور مادہ(

دنبہ (نر اور مادہ) بھیڑ (نر اور مادہ) بکری(نر اور مادہ(

ان آخری تین کو ”غنم“ اور ”شاۃ“ بھی کہتے ہیں..پھر اگر ان میں بھی فرق کرنا ہو تو بالوں والی یعنی بکری کو ”معز“ یا ”ماعز“ کہتے ہیں..اور اون والی یعنی بھیڑ اور دنبے کو ”ضأن“ کہتے ہیں..یہ آسان سی تشریح یاد رہے تو کئی آیات اور احادیث کو سمجھنے میں آسانی رہے گی ان شاء اللہ..”عید الاضحی“ کے موقع پر صرف ”انعام“ کی قربانی جائز ہے..اونٹ سے لے کر بکری تک..قربانی کے یہ جانور قیامت کے دن انسانوں کی طرح دوبارہ زندہ ہوں گے..اور قربانی کرنے والے مسلمانوں کے لئے وہاں کی سواریاں بنیں گے..سواری بننےوالی بات اگرچہ ایک ”ضعیف حدیث“ میں آئی ہے..مگر انسانوں کے مقبول اعمال تو قیامت کے دن حاضر ہوں گے..اور قربانی بھی محبوب و مقبول عمل اور اللہ تعالی کے قرب کا اہم ذریعہ ہے..اللہ تعالی کے نام پر اللہ تعالی کی رضا کے لئے قربان ہونے والے یہ خوش نصیب جانور..اگر ہمارا مال کھائیں تو ایک ایک دانے اور گھاس کے ایک ایک تنکے پر اجر ملتا ہے..اس لئے قربانی کی خریداری جلد کریں..ذوق و شوق سے کریں..جذبے اور اچھی نیت سے کریں اور استطاعت کے مطابق..زیادہ سے زیادہ قربانی کریں..واجب بھی اور نفل بھی..

والسلام

خادم..

          لااله الاالله محمد رسول الله