مکتوب خادم
السلام علیکم ورحمةالله وبرکاته..
اللہ الباقی..انا للّٰہ وانا الیہ راجعون..حضرت ڈاکٹر صاحب
بھی چلے گئے..ایک خوشگوار، پھل دار، دراز سایہ تناور درخت..علم، عمل، تقوی، اخلاص اور
اخلاق حسنہ کا پنجند..خطابت، تصنیف، بلاغت، اہتمام، قیادت، شرافت اور استقامت کی ہفت
رنگ قوس قزح..باہمہ اور بے ہمہ..عظمت اور تواضع..نفاست اور سادگی..نرمی اور مضبوطی..مٹھاس
اور تلخی جیسی متقابل خوشبوؤں کا مجمع العطور..استاذ محترم، حضرت اقدس، قائد ملت مولانا
ڈاکٹر عبدالرزاق اسکندر صاحب..عالم فانی سے کوچ فرما گئے..اللهم لا تحرمنا اجره ولا
تفتنا بعده..ان کے پاس بڑے بڑے دینی منصب اور عہدے تھے مگر ان کا قد ماشاءللہ ان عہدوں
سے اونچا تھا..ان کے نام نامی کے ساتھ کئی سرخیاں جڑی ہوئی تھیں..مگر ان کی صفات ان
سرخیوں سے زیادہ سرخ رو تھیں..وہ ایک منجھے ہوئے،مٹے ہوئے پختہ انسان تھے..انہوں نے
اپنے استاذ و شیخ حضرت اقدس بنوری رحمہ اللہ تعالی سے ایسی وفا نبھائی کہ..”وفا“ بھی
ان پر ناز کرتی ہو گی..دور حاضر بے وفائی اور خود غرضی میں بے مثال ہے مگر حضرت ڈاکٹر
صاحب ”وفاداری“ میں اپنی مثال آپ تھے..”وفا“ کے اس سفر میں ان پر بڑی آزمائشیں آئیں
مگر وہ پہاڑ کی طرح ڈٹے رہے..تب آزمائشیں ان کے قدموں کی مٹی بن گئیں اور ان پر فتوحات
کا ایسا دور کھلا کہ وہ..سعادتوں اور بلندیوں کے جھرمٹ میں گم ہوتے چلے گئے..اللہ تعالی
کا شکر ہے کہ زمانے کی ایسی بابرکت ہستی سے ملاقات کا شرف ملا..ان کے سینکڑوں مواعظ
ان کے سامنے بیٹھ کر سنے..نحومیر اور مشکوٰۃ شریف کے اسباق ان سے پڑھنے کا اعزاز ملا
اور ان کے ساتھ سفر کی سعادت نصیب ہوئی..اللہ تعالی ان کو مغفرت، اکرام، اعزاز اور
قرب کا اعلیٰ مقام نصیب فرمائیں..اپنے تمام دوستوں سے ان کے لئے ایصال ثواب کی درخواست
ہے..اور حضرت ڈاکٹر صاحب نور اللہ مرقدہ کے خاندان اور ادارے سے قلبی تعزیت ہے..
والسلام
خادم..
لااله
الاالله محمد رسول الله