مکتوب خادم

اَللّٰھُمَّ أَحْسِنْ عَاقِبَتَنَا

السلام علیکم ورحمة اللّٰہ وبرکاته..

اللہ تعالی کا ”شکر“ رمضان المبارک نصیب فرمایا..الحمدللہ رب العالمین..آج دل اداس ہے..”رمضان“ کی جدائی کا احساس ہے..اللہ تعالی ”رمضان“ کا اختتام اچھا نصیب فرمائیں..اللہ تعالی ”زندگی“ کا اختتام اچھا نصیب فرمائیں..

اَللّٰهُمَّ أَحْسِنْ عَاقِبَتَنَا فِي الْأُمُورِ كُلِّهَا وَأَجِرْنَا مِنْ خِزْيِ الدُّنْيَا وَعَذَابِ الْاٰخِرَةِ..

یہ مسنون دعاء..ہر معاملے کے اچھے انجام اور عمدہ اختتام کے لئے مفید ہے..بعض لوگ کہتے ہیں کاش! ”رمضان“ مزید رہے..ہم یہ نہیں کہتے..بس جتنا اللہ تعالی نے دے دیا اتنا ہی کافی ہے..روز کی دیہاڑی کرنے والے مزدور..اور بوڑھے مسلمان جس مشقت سے روزہ پورا کرتے ہیں..ان کا مقام بہت بلند ہے..اور ان کے لئے بس اتنے روزے ہی کافی ہیں..

اَلَا یَعْلَمُ مَنْ خَلَق

جس نے پیدا فرمایا وہی بہتر جانتا ہے..الحمدللہ ”انفاق“ کی رحمت بھی مکمل ہونے والی ہے..اللہ تعالی دینے والوں..جمع کرنے والوں..اور انتظام کرنے والوں کو..بہت بہت جزائے خیر اور مغفرت و نعمت عطاء فرمائیں..آخری گزارش اس سلسلے کی یہ ہے کہ..دین بچانا ہے تو مالی معاملات میں بہت احتیاط کریں..یہ پورا دین، یہ مقدس دین، یہ عظیم دین..روحانی اعتبار سے..حلال کے لقمے پر کھڑا ہے..جہاں حرام آیا..جہاں خیانت آئی وہاں یہ دین..دل سے نکلنا شروع کر دیتا ہے..نسلوں سے نکلنا شروع کر دیتا ہے..اللہ تعالی کو ربّ مانیں..اُس پر یقین رکھیں..حالات اور اولاد کے سامنے مجبور نہ ہوں..رسومات اور ظاہری ٹھاٹھ کو دل سے نکالیں..اور مال کے معاملے میں مکمل ”امانتدار“ بن جائیں..یقین کریں..ایمان کے بعد امانتداری سے حسین کوئی چیز نہیں..اللہ تعالی سے کچھ نہیں چھپتا..اور اللہ تعالی کو یہ بات ناپسند ہے کہ کوئی لوگوں کے سامنے تو امانتدار بنے..اور جب اکیلا اللہ تعالی کے سامنے ہو تو اسوقت خیانت کرے..رمضان المبارک کے آخر میں ہم اللہ تعالی سے ایمان، امانتداری، مغفرت، عافیت اور توفیق کا سُؤال کریں..الحمدللہ ”انفاق“ کے مکتوبات کا سلسلہ بھی..اللہ تعالی کے فضل سے مکمل ہوا..اللہ تعالی قبول فرمائیں..ذخیرہ آخرت بنائیں..آپ سب کو پیشگی عید مبارک..تقبل اللہ منا ومنکم..اللھم صل وسلم وبارک علٰی سیدنا محمد والہ وصحبہ وسلم تسلیما کثیراً کثیرا

والسلام

خادم....لااله الااللّٰہ محمد رسول اللّٰہ