<مکتوب خادم>

مٹی کو سونا بنانے والے

السلام علیکم ورحمةالله وبرکاته..

اللہ تعالی ہمیں سمجھ نصیب فرمائیں..”عشرہ ذی الحجہ“ کی..اللہ تعالی ہمیں قدر نصیب فرمائیں..”عشرہ ذی الحجہ“ کی.. اللہ تعالی ہمیں ”برکات“ نصیب فرمائیں..”عشرہ ذی الحجہ“ کی..آج 29 انتیس ذی القعدہ ہے..اگر آج مغرب کے بعد چاند نظر آگیا تو ”عشرہ ذی الحجہ“شروع ہو جائے گا..اور اگر چاند نظر نہ آیا تو ”عشرہ ذی الحجہ“ کل ”مغرب“ سے شروع ہوگا..ان شاءاللہ تعالیٰ..

آج بدھ کا دن ہے..یکم ذو الحجہ ”جمعرات“ کو ہوگی یا ”جمعہ“ کو..چاند کی خبروں پر نظر رکھیں..

ایک کتاب ہے جس کا نام..حدیث شریف کے ایک بابرکت جملے پر رکھا گیا ہے.. ”افضل ایام الدنیا“  اسے ایک نظر دیکھ لیں..”عشرہ ذی الحجہ“ جب آ جائے تو اللہ تعالی کا شکر ادا کریں کہ..مٹی کو سونا بنانے والے دن اور راتیں نصیب ہوگئیں..”عشرہ ذی الحجہ“ کی تمام نمازیں باجماعت تکبیر اولیٰ سے ادا کرنے کی کوشش ہو..روز کم از کم تین پارے یا ایک پارہ تلاوت کریں..کلمہ طیبہ کا ورد.. درود شریف کی کثرت..استغفار کی پابندی کریں..روزانہ صدقہ اور انفاق فی سبیل اللہ..ان دنوں معمول بن جائے..آس پاس رشتہ داروں، دوستوں اور فقراء و مساکین کو کھانا کھلائیں..ہو سکے تو کسی کا قرضہ معاف کریں..اور کسی کا قرضہ ادا کریں..تیسرا کلمہ بڑی نعمت ہے.. ان دنوں اور راتوں میں اس کا اہتمام کریں..خاص طور پر وہ لوگ جو گرمی کی وجہ سے روزہ نہ رکھ سکیں..اور غربت کی وجہ سے قربانی نہ کر سکیں..وہ اپنے سارے کھاتے اور حساب ان کلمات سے پورا کر سکتے ہیں..

”سبحان الله والحمد لله ولا اله الا الله والله اكبر“..اور اگر یہ بھی ساتھ ملا لیں تو سونے پہ سہاگہ..”ولا حول ولا قوۃ الا بالله“..

ان دنوں کسی مسلمان سے جھگڑا نہ کریں..کسی مسلمان کی غیبت نہ کریں..کسی مسلمان کی بےعزتی نہ کریں..جہاں بھی قربانی کے جانور نظر آئیں انہیں دیکھ کر خوب دل سے تکبیر پڑھیں..

الله اكبر الله اكبر لا اله الا الله والله اكبر الله اكبر ولله الحمد..

اسی طرح جب بھی بازار جائیں..مسنون دعا کے بعد یہی تکبیر پڑھتے جائیں..اور اللہ تعالی کے قریب ہوتے جائیں..

خلاصہ یہ ہے کہ بہت قیمتی دن اور قیمتی راتیں آ رہی ہیں..اپنا آخرت کا ذخیرہ اور سرمایہ.. بوجھ سمجھے بغیر..بھاری کر لیں..بندہ بھی آپ سب سے ”عشرہ ذی الحجہ“ میں دعاء کی درخواست کرتا ہے..

والسلام

خادم..

          لااله الاالله محمد رسول الله