<مکتوب خادم>

موقع سے فائدہ اٹھائیں

السلام علیکم ورحمة اللہ وبرکاته..

اللہ تعالی ہماری زندگی ”قیمتی“ بنائیں..ہمارے ہی جیسے انسان..کتنے بڑے بڑے کام کر گئے..کسی کے نامۂ اعمال میں..اسلامی فتوحات..علاقوں کے علاقے، ملکوں کے ملک..اسلام اور مسلمانوں کے لئے کسی علاقے کو فتح کرنا کتنا بڑا عمل ہے..کتنا قیمتی عمل ہے..سوچ کر رشک آتا ہے..کسی کے نامۂ اعمال میں لاکھوں، ہزاروں افراد کا اسلام قبول کرنا..کسی کے نامۂ اعمال میں بے شمار گناہگاروں کا تائب ہونا،اللہ تعالی کا ولی بننا..کسی کے نامۂ اعمال میں دعوت الی اللہ کا وسیع کام..کسی کے نامۂ اعمال میں صبر، استقامت اور مظلومیت کے خزانے..کسی کے نامہ اعمال میں مساجد کی تعمیر،مدارس کا قیام اور خدمت خلق..کسی کے نامۂ اعمال میں اخلاص، عبادت، ریاضت اور آنسو..کسی کے نامۂ اعمال میں صدقات، خیرات اور حسنات کے انبار..اور کسی کے نامۂ اعمال میں خدمت قرآن، تفسیر قرآن، دعوت قرآن اور تعلیم قرآن..

ہمارے ہی جیسے انسان زندگی  قیمتی بنائی تو صدیق بن گئے..قیمتی زندگی قربان کر دی تو شہید بن گئے..زندگی کی آزادی اور خواہشات کو دبایا تو صالحین بن گئے..مگر بہت سے انسان..زندگی ضائع بھی کر گئے.. انہوں نے اللہ تعالی کو بھلا دیا تو وہ خود کو بھول گئے..پلازے بناتے رہے..کتے نہلاتے رہے..عشق معشوقی کے چکر میں پڑے رہے.. نہ اپنی قبر کے لئے کچھ بنایا..نہ اپنی آخرت کے لئے کچھ کمایا.. آج وہ قبروں میں پڑے دنیا میں واپس آکر نیکی کرنے کے وعدے کرتے ہیں..مگر اب ان کی نہیں سنی جاتی..اللہ تعالی نے ہمیں..زندگی قیمتی بنانے کا موقع عطاء فرمایا ہے..آج سے اسی سلسلے کی ایک مہم کا آغاز ہے..اللہ تعالی دیکھ رہے ہیں..اللہ تعالی سن رہے ہیں..نامۂ اعمال ابھی لکھا جا رہا ہے..اس کی سیاہی کو مٹانے..اور اس کی روشنی کو بڑھانے کا وقت موجود ہے..اللہ تعالی مجھے اور آپ سب کو توفیق عطاء فرمائیں..

رَبِّ اشْرَحْ لِیْ صَدْرِیْ وَ یَسِّرْ لِیْۤ اَمْرِیْ..

والسلام

خادم....لااله الااللہ محمد رسول اللہ