<مکتوب
خادم>
مقاماتِ کمال
السلام علیکم
ورحمة اللہ وبرکاته..
اللہ تعالی
”درجات کمال“ مزید بلند فرمائیں..حضرت بی بی صاحبہ..السیدہ، الطاہرہ، الصدیقہ،
البتول، الزھراء، الرضیہ..فاطمہ، الطیبہ رضی اللہ عنہا کے..
ان کی شان بہت
بلند ہے..یقینا وہ بنی نوع انسان کا شرف بھی ہیں اور فخر بھی..اللہ تعالی نے اولاد
آدم علیہ الصلاۃ والسلام کو جو تکریم اور عزت عطاء فرمائی ہے..اسے اگر آسانی سے
سمجھنا ہو تو..حضرت سیدہ فاطمۃ الزہراء رضی اللہ عنہا کے مقام و عزت و اکرام کو دیکھ
لیں..
سبحان اللہ
وبحمدہٖ سبحان اللہ العظیم..
دنیا میں اتنا
مختصر قیام..مگر فضائل، مناقب اور رفعتوں کے پہاڑ اورسمندر..حضرت بی بی صاحبہ کی سیرت
کا ایک ایک باب..بلکہ ایک ایک جملہ انسان کی زندگی بدل دیتا ہے..اور دل کو نور و
انوارات سے بھر دیتا ہے..مسلمان خواتین اگر واقعی ”المؤمنات“ بننا چاہتی ہیں تو
انہیں..سیدۃ نساء الجنۃ..سیدۃ نساء العالمین حضرت سیدہ فاطمہ الزہراء رضی اللہ
عنہا کی سیرت طیبہ کو عمل کی نیت سے پڑھنا چاہیے..وہ اس روئے زمین کی افضل ترین
،اعلی ترین اور کامیاب ترین ہستیوں میں سے ہیں..وہ روحانیت کے مقامات کی”ملکہ
معظمہ مطہرہ“ ہیں..ان کی سیرت اور تعلیمات میں..ہر روحانی مرض کا علاج موجود
ہے..وہ دنیا میں بھی کامیاب ترین رہیں..اور آخرت میں تو ان کے عالی مقام کے کیا
کہنے..کوئی کہے گا کہ جسم مبارک پر مشکیزے کے نشانات..اور ہاتھوں پر چکی پیسنے کے
چھالے..کیا یہی دنیا میں کامیابی ہے؟..
یہی راز سمجھنے
کے لئے تو عرض کیا ہے کہ..ان کی سیرت مبارکہ پڑھیں..تاکہ بہت سے دھوکے مٹ جائیں..اور
وہ منظر دل پر نقش ہو جائے کہ..حضرت آقا مدنی صلی اللہ علیہ وسلم سفر جہاد سے واپسی
پر..اپنے گھر تشریف لے جانے سے پہلے..ان کے گھر تشریف لے جاتے اور ملاقات فرماتے..
حضرت سیدہ فاطمہ
رضی اللہ عنہا کی خاص صفات میں..ان کی والہانہ سخاوت بھی شامل ہے..عجیب و غریب قصے
اور احوال اس باب میں ان سے صادر ہوئے..آئیے آج تین رمضان المبارک..جوکہ..حضرت سیدہ
بی بی صاحبہ کا یوم وفات ہے..ان کے ایصال ثواب کے لئے..زیادہ سے زیادہ مال..اللہ تعالی
کے راستے میں پیش کرنے کی سعادت حاصل کریں..
والسلام
خادم....لااله
الااللہ محمد رسول اللہ