<مکتوب خادم>

دوستوں سے باتیں

السلام علیکم ورحمة اللہ وبرکاته..

اللہ تعالی کا شکر..ایمان پر، قرآن پر، رمضان پر..الحمدللہ رب العالمین..

آپ میں سے جو ماشاءاللہ صحت مند ہیں..روزے رکھ رہے ہیں، تلاوت کر رہے ہیں..مہم میں محنت کر رہے ہیں..ان سب کو مبارک باد..وہ ان نعمتوں کے زوال سے اللہ تعالی کی پناہ مانگا کریں اور نعمتوں کے برقرار رہنے کے لئے..ماشاء اللہ لاقوۃ الا باللہ..پڑھا کریں..اور ہر نیکی کے بعد اللہ تعالی کا شکر ادا کیا کریں..یا اللہ آج کے روزے کا شکر..آج کی پانچ نمازیں مسجد میں نصیب ہوئیں ان کا شکر..آج اتنے پارے تلاوت ہوئے اس کا شکر..آج دین کا اتنا کام نصیب ہوا اس کا شکر..وغیرہ وغیرہ.. اللہ تعالی کی نعمتیں بے شمار ہیں..

کتاب ”ربیع الأبرار“ میں علامہ ابو القاسم رحمہ اللہ تعالی لکھتے ہیں:

بنی اسرائیل چھ سو سال تک ان کلمات کی برکت سے عذاب سے محفوظ رہے:

”ماشاء اللہ، لا حول ولا قوۃ الا باللہ ،حسبنا اللہ و نعم الوکیل“

آپ میں سے جو بیمار ہیں..ان سب کی اس تحریر کے ذریعے ”عیادت“ ہے..اللہ تعالی آپ کو اس بیماری کا اجر عطاء فرمائیں..اسے آپ کے لئے ”طہور“ بنائیں..اور آپ کو صحت و شفا اور عافیت عطاء فرمائیں..روزانہ ایک سو بار معوذتین (سورہ الفلق اور الناس) کا اہتمام کریں..اگر کمزوری ہے تو آیۃ الکرسی روز اکیس یا ستر بار پڑھیں..بے چینی ہے تو..اللہ اللہ ربی لا اشرک بہ شیئا..کا ورد کریں..گھٹن، تکلیف، پریشانی ہے تو ” لا اله الا انت سبحانك اني كنت من الظالمين“ روزانہ تین سو بار پڑھیں..اگر کھانے پینے میں تکلیف ہے تو سورہ القریش کھانے سے پہلے یا بعد میں گیارہ بار پڑھ لیا کریں..آپ میں سے جو مالدار ہیں..اور جن کی ضروریات پوری ہیں وہ اس نعمت پر اللہ تعالی کا شکر روز صبح شام ادا کیا کریں..اپنے مال میں سے اللہ تعالی کے لئے بھی خرچ کیا کریں..اور اپنے سے زیادہ مال والوں سے حسد نہ کیا کریں اور نہ ان کی طرف دیکھا کریں..صبح و شام تین تین بار ”سورہ التکاثر“ پڑھا کریں..تاکہ مال کی محبت دل میں نہ داخل ہو جائے..ہفتے میں ایک بار ضرور قبرستان جا کر ایک آدھ گھنٹہ وہاں گزارہ کریں..اور یقین پیدا کیا کریں کہ میں نے بھی مرنا ہے..دفن ہونا ہے..وہاں جو مسلمان خصوصاً اپنے اقارب مدفون ہوں..ان کے ایصال ثواب کے لئے قرآن، دعائیں اور اذکار پڑھا کریں..مکتوب کچھ لمبا ہو گیا باقی باتیں اگلے مکتوب میں ان شاءاللہ..

والسلام

خادم....لااله الااللہ محمد رسول اللہ