<مکتوب
خادم>
زیارتِ قبور
السلام علیکم
ورحمة اللہ وبرکاته..
اللہ تعالی ”اہل
قبور“ مسلمانوں پر رحم اور رحمت فرمائیں..
ایک بات پکی ہے
کہ ہم سب بھی اپنے اپنے وقت پر ”اہل قبور“ میں سے ہوجائیں گے..”ترکی“ زبان میں ہر
”قبر“ کو ”مزار“ کہتے ہیں..جبکہ ہمارے ہاں ”مزار“ ان قبروں کو کہتے ہیں جن پر تعمیر
ہو اور گنبد وغیرہ بنا ہو..حضور اقدس صلی اللہ علیہ وسلم بہت اہتمام سے”قبور“ پر
تشریف لے جاتے تھے..اور آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے اپنی امت کو بھی اس کا حکم فرمایا
ہے..اس لئے مسلمان مردوں کے لئے ”زیارت قبور“ واجب نہیں تو کم از کم ”سنت مؤکدہ“
ضرور ہے..آپ جانتے ہیں کہ ”سنت مؤکدہ“ کا کتنا بلند مقام ہوتا ہے..خواتین کو عمومی طور پر ”زیارت قبور“
کے لئے نہیں جانا چاہیے..مزاروں پر تو بالکل نہیں..البتہ اپنے اقارب اور اہل ایمان
کی ”قبور“ پر بعض شرطوں کے ساتھ جا سکتی ہیں..چونکہ خواتین کے لئے شرطیں پوری کرنا
مشکل ہوتا ہے..اس لئے نہ ہی جائیں تو بہتر ہے..گھر بیٹھ کر ایصال ثواب کریں..اللہ
تعالی کا نظام بہت وسیع اور طاقتور ہے..گھر سے کیا ہوا ایصال ثواب ہی کافی ہو جاتا
ہے..مرد حضرات قبرستان جایا کریں..خصوصا جمعہ کی رات اور دن..اپنے والدین، اقارب،
شہداء کرام اور عام مسلمانوں کی قبور پر حاضر ہوں..قبرستان جا کر اہل قبور کو سلام
کرنے اور ان کے لئے دعاء کرنے کا حکم احادیث صحیحہ میں موجود ہے..آپ صلی اللہ علیہ
وسلم نے سلام کی کئی دعائیں سکھائی ہیں..یہ ایک دعاء یاد کر لیں..
اَلسَّلَامُ
عَلَيْكُمْ أَهْلَ الدِّيَارِ مِنَ الْمُؤْمِنِينَ وَالْمُسْلِمِينَ، وَإِنَّا
إِنْ شَاءَ اللّٰهُ تعالیٰ بِكُمْ لَاحِقُونَ نَسْئلُ اللّٰهَ لَنَا وَلَكُمْ الْعَافِيَةَ..(صحیح مسلم)
امام طریقت حضرت
خواجہ عبیداللہ احرار نقشبند رحمہ اللہ تعالی نے قبور پر ایصال ثواب کا ایک نافع
طریقہ ارشاد فرمایا ہے..وہ یہ کہ..مذکورہ بالا سلام اور دعاء پڑھنے کے بعد..ایک
بار سورہ فاتحہ..ایک بار آیۃ الکرسی..بارہ بار سورۃ اخلاص اور دس بار درود شریف
پڑھیں..
اور دعاء کریں
کہ اللہ تعالی اس کا ثواب..اس قبر والے یا قبر والی کو نصیب فرمادیں..اسی طرح بعض
مشائخ کے نزدیک سورہ بقرہ کی اول، درمیانی اور آخری آیات..اور سورہ التکاثر اور
سورہ یاسین پڑھنا بھی مفید ہے..بعض سخت مزاج لوگ قبور پر تلاوت وغیرہ سے منع کرتے
ہیں..ان کی بے وزن اور بے دلیل بات اس حد تک مانی جا سکتی ہے کہ جب وہ انتقال کر
جائیں تو کوئی..ان کی قبر پر ایصال ثواب کے لئے کچھ نہ پڑھے..
زیارت قبور کے
لئے ایک بے حد مفید دعاء..حضرت حسن بصری رضی اللہ عنہ سے منقول ہے..وہ اگلے مکتوب
میں..ان شاءاللہ..
والسلام
خادم....لااله
الااللہ محمد رسول اللہ