<مکتوب
خادم>
ایک رکوع روزانہ
السلام علیکم
ورحمة اللہ وبرکاته..
اللہ تعالی ہمیں..قرآن
مجید سے جوڑ دیں..ہمیشہ کا دوست، ہمیشہ کا ساتھی قرآن مجید..ہمیشہ کا رہبر، ہمیشہ
کا سفارشی قرآن مجید..
آپ یقین کریں..کوئی
شخص ساری دنیا کا علم پڑھ لے..مگر وہ قرآن مجید کو نہ سمجھے تو وہ جاہل
ہے..الحمدللہ اکثر مسلمان قرآن مجید کی تلاوت کرتے ہیں..مگر تلاوت کے دوران ان کا
ذہن کہاں ہوتا ہے؟ دماغ کہاں ہوتا ہے؟..اگر وہ قرآن مجید کو سمجھتے تو پھر تلاوت
کا مزا ہی کچھ اور ہوتا..خیر تلاوت کرتے رہنا چاہیے..سمجھ آئے یا نہ آئے..جن کو
سمجھ نہیں آتا وہ الفاظ پر توجہ کیا کریں اور سوچا کریں کہ ہر لفظ اللہ تعالی کا
کلام ہے..اور ہر لفظ کے ساتھ ایک نور میرے دل میں اتر رہا ہے..اب ماشاءاللہ رمضان
المبارک کا آخری عشرہ شروع ہونے والا ہے..پکی نیت کرلیں کہ..ان شاءاللہ اس سال
قرآن مجید کو زیادہ سے زیادہ سمجھ کر پڑھنے کی کوشش کروں گا..
ترتیب یوں بنالیں
کہ..روز کی تلاوت ایک پارہ یا آدھا پارہ الگ..وہ کبھی نہ چھوڑیں..وہ دل کی اور ایمان
کی چارجنگ ہے..اور اس کے ساتھ روزانہ آدھا گھنٹہ مزید قرآن مجید سمجھنے کے
لئے..اسمیں بس ایک رکوع پڑھیں..اس کا ترجمہ سمجھیں..تفسیر سمجھیں..اور اس وقت تک
اسے پڑھتے رہیں جب تک کہ..معلوم نہ ہو جائے کہ میرے اللہ تعالی نے اس میں کیا فرمایا
ہے..
اگر آپ نے روز
آدھا گھنٹہ قرآن مجید سمجھنے کے لئے وقف کردیا تو آپ کی زندگی نور اور سرور سے بھر
جائے گی ان شاءاللہ..اور نیت یہ کریں کہ میں اپنے لئے قرآن مجید سمجھ رہا ہوں..میرے
اللہ تعالی نے یہ میرے لئے بھی اتارا ہے..اللہ تعالی نے اس میں مجھ سے باتیں فرمائی
ہیں..یہ میرے نام میرے رب کا خط ہے..اور میں نے اسے ضرور سمجھنا ہے..آج کل ہم جو
کچھ موبائل وغیرہ پر دیکھتے اور پڑھتے ہیں اس میں زہر ہی زہر بھرا ہوتا ہے..حتیٰ
کہ دنیا کے گندے ترین افراد کی عظمت دل میں اتر جاتی ہے..صرف قرآن مجید کا نور ہی
ہمارے دلوں کو اس زہر سے پاک کر سکتا ہے..اور کچھ نہیں تو زندگی میں صرف ایک بار
تو پورا قرآن مجید سمجھ کر پڑھ لیں..یہ ہمیشہ کام آنے والی دولت اور خزانہ ہے..
آج عصر کے بعد
جو حضرات و خواتین اعتکاف بیٹھیں گے..ان کے لئے دل سے دعاء ہے..اور ان سے دعاء کی
درخواست ہے..
والسلام
خادم....لااله
الااللہ محمد رسول اللہ