<مکتوب خادم>
مَحَبَّت کا آسان نسخہ
السلام علیکم ورحمة اللہ وبرکاته..
اللہ تعالی ہمیں مقبول، محبوب، وزنی اور جاری اعمال کی
توفیق عطاء فرمائیں..
”دعاء“ ایک ایسا عمل ہے جو ہمارے نامۂ اعمال
کو بہت وزنی اور روشن بنا سکتا ہے..
مثلاً:-
(1) دنیا میں جتنے بھی مسلمان دین کا کوئی ایسا
کام کر رہے ہیں..جو اللہ تعالی کو ”محبوب“ ہے..جو اللہ تعالی کے نزدیک ”مقبول“
ہے..وہ مجاہدین ہوں یا اولیاء کرام..وہ علماء کرام ہوں یا مسلمانوں کے خادم..وہ
عابدین و زاہدین ہوں یا اھل صبر وغیرہ..ہم ان کے لئے دعاء کو اپنا مستقل معمول بنا
لیں کہ..اللہ تعالی ان کو اپنی رحمت، مغفرت، نصرت، آسانی اسباب اور قبولیت عطاء
فرمائیں..ہماری یہ دعاء..ان سب حضرات و خواتین کے لئے ہماری طرف سے ”نصرت“ ہوگی..تو
اس ”نصرت“ اور ”تعاون“ کی برکت سے ہم ان کے تمام مقبول کاموں میں شریک ہو جائیں
گے..
(2) وہ مسلمان جنہوں نے ہم پر کوئی احسان کیا..ہمیں
کوئی دینی یا دنیوی فائدہ پہنچایا..ہمارے ساتھ کوئی بھلائی کی یا وہ ہم تک اللہ
تعالی کی کوئی نعمت یا رحمت پہنچانے کا ذریعہ بنے..ہم ان کے لئے دعاء کا مستقل
معمول بنا لیں تو ہم ”شکر گزاری“ اور ”قدردانی“ کا مقام پا لیں گے ان شاء اللہ..ہم
ان کے لئے مغفرت، عافیت، برکت اور جزائے خیر کی دعا کریں..
(3) وہ مسلمان جن پر ہم نے کوئی ظلم کیا..ان
کی حق تلفی کی..انہیں ایذاء پہنچایا..ان کا تمسخر یا مذاق اڑایا..یا انہیں دکھ دیا..ہم
ان کے لئے مستقل دعاء کا معمول بنالیں تو..ہمارا بہت سا بوجھ ہلکا ہو جائے گا اور
ہم مزید ایسے گناہوں سے بچ سکیں گے ان شاء اللہ..ہم ان کے لئے مغفرت، عزت، ترقی
اور کامیابی کی دعاء کریں..
(4) وہ مسلمان جنہوں نے ہم پر ظلم کیا..ہماری
حق تلفی کی..ہمیں ایذاء اور دکھ پہنچایا..یا ہمیں ستایا..ہم ان کو معاف کرنے اور
اللہ تعالی سے بھی ان کے لئے معافی کی دعاء کا مستقل معمول بنا لیں تو یہ عمل
ہمارے لئے بڑے بڑے درجات، مقامات اور صدقات کا دروازہ کھول دے گا اور ہماری بہت سی
تنگیاں، پریشانیاں اور بد نصیباں ختم ہو جائیں گی ان شاء اللہ..
(5) وہ مسلمان جو ہم سے دعاء کی درخواست کرتے
ہیں..یا جن کے لئے ہمیں دعاء کرنی چاہیے..یا جن کے لئے دعاء کرنا ہمارے ذمے لازم
ہے..یا جن کے لئے دعاء کرنے سے اللہ تعالی خوش اور راضی ہوتے ہیں..ہم ان کے لئے
دعاء کا مستقل معمول بنالیں کہ..اللہ تعالی ان کی مغفرت فرمائیں اور ان کی جائز
حاجات پوری فرمائیں..یہ عمل ہمیں بے شمار اعمال کا مالک بنا دے گا ان شاءاللہ..
اب غور فرمائیں..ان پانچ دعاؤں پر زیادہ سے زیادہ پانچ
منٹ..اور اگر الفاظ کا چناؤ اچھا ہو تو اس سے بھی کم وقت لگتا ہے..مگر ان دعاؤں کے
ذریعہ ہم جو کچھ پا سکتے ہیں اور جتنا کچھ پا سکتے ہیں..اسے کسی ”کلکولیٹر“ پر
شمار نہیں کیا جا سکتا..
مکتوب میں اشارۃً دعاء کے الفاظ بھی عرض کر دیئے ہیں..اللہ
تعالی مجھے بھی نصیب فرمائیں اور آپ کو بھی..
اس بار ستائیس رمضان المبارک کی رات آپ سب سے دعاؤں کی
عاجزانہ درخواست ہے..بندہ بھی آپ سب کے لئے ضرور دعاء کرے گا ان شاء اللہ..
والسلام
خادم....لااله الااللہ محمد رسول اللہ