بسم اللہ الرحمن الرحیم
<مکتوب خادم>
مؤثر دعاء
السلام علیکم ورحمةالله
وبرکاته..
اللہ تعالی ہمیں ”بے یقینی“ اور ”شک“
کی کیفیت سے نکال کر ”توکل“ نصیب فرما دیں...حضور اقدس صلی اللہ علیہ وسلم نے آخری
وقت....صحابہ کرام کا ایک جہادی لشکر روانہ فرمایا...اور حضرت سیدنا اسامہ بن زید
رضی اللہ عنہما کو اس لشکر کا امیر مقرر فرمایا...یہ لشکر ابھی قریب ہی تھا کہ آپ
صلی اللہ علیہ وسلم وصال فرما گئے...لشکر اپنی جگہ رک گیا...حضرت صدیق اکبر رضی
اللہ عنہ”خلیفہ“ بنے تو اس لشکر کو روانہ ہونے کا حکم فرما دیا...آس پاس موجود سب
حضرات نے مشورہ دیا کہ فی الحال لشکر کو روانہ کرنا مناسب نہیں ہے...اگر اطراف کے
قبائل نے مدینہ منورہ پر حملہ کر دیا تو کون دفاع کرے گا؟...اور دشمنوں کو جب پتہ
چلے گا کہ مدینہ منورہ خالی ہے تو وہ فوراً چڑھ دوڑیں گے...مگر حضرت صدیق اکبر رضی
اللہ عنہ نے اللہ تعالی پر توکل کیا...اور تمام اندیشوں اور خطرات سے بے فکر ہو
کر...آقا محمد مدنی صلی اللہ علیہ وسلم کے شروع فرمائے ہوئے کام کی تکمیل کی...اللہ
تعالی نے ان کے ”توکل“ کی لاج رکھی اور لشکر روانہ کرنے کے فیصلے میں ایسی خیر اور
برکت عطاء فرمائی کہ...دوست اور دشمن سب حیران رہ گئے...”توکل“ کی شاندار دعاء پر
بات چل رہی تھی....
”حَسْبِیَ ﷲُ لَآ اِلٰہَ اِلَّا ھُوَ
عَلَیہِ تَوَکَّلْتُ وَھُوَ رَبُّ الْعَرْشِ العَظِیْمِ“
اس میں چار جملے ہیں...
(۱) حَسْبِیَ ﷲُ...اللہ تعالی میرے
لئے کافی ہیں (۲) لَآ
اِلٰہَ اِلَّا ھُوَ... اللہ تعالی کے سوا کوئی معبود نہیں...کوئی کارساز نہیں (۳) عَلَیہِ تَوَکَّلْتُ...میں
نے اللہ تعالی ہی پر اعتماد اور بھروسہ کیا ہے (٤) وَھُوَ رَبُّ الْعَرْشِ العَظِیْمِ...اور
اللہ تعالی عظیم عرش کے مالک ہیں...یعنی مخلوقات میں سب سے بڑی مخلوق...اللہ تعالی
کا عرش ہے...اللہ تعالی جب سب سے بڑی مخلوق کے بھی خالق و مالک ہیں تو پھر...ان کے
لئے میرے کاموں کو بنانا کون سا مشکل ہے...اور کون سی چیز زمین و آسمان میں ان کے
لئے ناممکن ہے...تفسیر در منثور میں ہے کہ...روم کی طرف مجاہدین اسلام کا ایک لشکر
جا رہا تھا...راستے میں ایک مجاہد کی ٹانگ ٹوٹ گئی...لشکر والوں کے لئے انہیں اٹھا
کر ساتھ لے جانا ممکن نہ ہوا تو...انہوں نے ان کا گھوڑا ان کے قریب باندھ دیا...اور
کچھ کھانا پانی بھی ان کے پاس چھوڑ دیا...اور روانہ ہو گئے...وہ مجاہد اکیلے زخمی
پڑے تھے کہ اچانک کوئی آیا اور ان سے کہا اپنی ٹوٹی ہوئی ران پر ہاتھ رکھ کر
پڑھو.....
”فَإِن تَوَلَّوْاْ فَقُلْ حَسْبِيَ
اللَّهُ لا إِلَهَ إِلاَّ هُوَ رَبُّ الْعَرْشِ الْعَظِيمِ “
انہوں نے پڑھا تو ٹانگ ٹھیک ہو گئی...اور
وہ گھوڑے پر سوار ہو کر اپنے لشکر سے جا ملے...سبحان اللہ! ”توکل“ بہت عظیم نعمت
ہے...اور توکل کی دعاء بہت مؤثر اور شاندار ہے...
”حَسْبِیَ ﷲُ لَآ اِلٰہَ اِلَّا ھُوَ
عَلَیہِ تَوَکَّلْتُ وَھُوَ رَبُّ الْعَرْشِ العَظِیْمِ“
والسلام
خادم.....لااله الاالله محمد رسول
الله