بسم اللہ الرحمن الرحیم

<مکتوب خادم>

”توکل علی اللہ“ کا شاندار وظیفہ

السلام علیکم ورحمةالله وبرکاته..

اللہ تعالی سے سب کچھ ہونے کا یقین...اور اللہ تعالی کے سوا کسی سے کچھ نہ ہونے کا یقین...یہ ”توکل“ کہلاتا ہے...”توکل“ نصیب ہو جائے تو انسان اللہ تعالی کی طاقت، قدرت اور مہربانی سے بھرپور فائدہ اٹھاتا ہے....پھر وہ نہ کسی سے ڈرتا ہے...اور نہ وہ کہیں رکتا ہے...”توکل علی اللہ“ پانے کے لئے ایک زبردست اور شاندار دعاء .....قرآن مجید میں موجود ہے...اور حضرت آقا محمد مدنی صلی اللہ علیہ وسلم نے اس کی فضیلت اور طریقہ ارشاد فرمایا ہے....بے شک یہ دعاء سمندروں اور پہاڑوں سے زیادہ زور آور ہے.....

”حَسْبِیَ ﷲُ لَآ اِلٰہَ اِلَّا ھُوَ عَلَیہِ تَوَکَّلْتُ وَھُوَ رَبُّ الْعَرْشِ العَظِیْمِ“

ترجمہ: اللہ تعالی میرے لئے کافی ہے...اس کے سوا کوئی معبود نہیں...میں نے اسی پر ”توکل“ کیا ہے...اور وہ عظیم عرش کا مالک ہے...

یہ دعاء سورہ التوبہ کی آخری آیت مبارکہ میں آئی ہے....اور آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے اس کے بارے میں ارشاد فرمایا ہے کہ.....

جو روزانہ صبح و شام سات بار یہ دعاء پڑھ لے تو......

”کفاہ اللہ تعالیٰ ما اھمہ من امر الدنیا والآخرۃ“

یعنی اللہ تعالی اس کی تمام فکروں، پریشانیوں اور ضرورتوں کے لئے کافی ہو جائیں گے وہ دنیا کی حاجتیں ہوں یا آخرت کی.....(ابوداؤد، وابن السنی)

یقین جانیں یہ بہت ”عظیم دعاء“ ہے...اس میں ”حسبی اللہ“ بھی ہے...اور ”حسبی اللہ“ کی طاقت بے انتہا ہے...یہ مبارک کلمہ بڑے بڑے دشمنوں کو حقیر کیڑے مکوڑے بنا دیتا ہے...یعنی پھر وہ کچھ بھی نقصان نہیں پہنچا سکتے...بخاری شریف کی روایت ہے کہ جب حضرت سیدنا ابراہیم علیہ الصلوٰۃ والسلام کو آگ میں ڈالا جا رہا تھا تو آپ نے فرمایا:

”حسبی اللہ و نعم الوکیل“

چنانچہ اللہ تعالی نے اس کلمے کی طاقت ظاہر فرمائی...اور اتنے زور آور دشمنوں اور اتنی بڑی آگ کو ناکام فرما دیا....

اس عظیم دعاء کے بارے میں باقی باتیں آئندہ مکتوب میں ان شاءاللہ تعالی...

والسلام

خادم.....لااله الاالله محمد رسول الله