بسم اللہ الرحمن الرحیم

<مکتوب خادم>

ثمرات

السلام علیکم ورحمةالله وبرکاته..

اللہ تعالی پر ”توکل“ کرنا...اس وقت جب مقابلہ کفار اور منافقین سے ہو...یہ ”توکل“ کا اہم ترین مقام اور موقع ہوتا ہے...اور اس ”توکل“ کے بہت وسیع اور حیران کن نتائج ظاہر ہوتے ہیں...ایک دو روز قبل امریکہ کے نامور مصنف، مشہور صحافی اور سابق پادری...جیفری شان کنگ اور ان کی اہلیہ محترمہ نے اسلام قبول کیا ہے...وہ کہتے ہیں کہ غزہ والوں کی قربانی اور استقامت دیکھ کر اسلام ہمارے دل میں اتر گیا.....اہل غزہ نے کفار کے مقابلے میں...اللہ تعالی پر ”توکل“ کیا تو اس کے نتائج آج ساری دنیا دیکھ رہی ہے...

یہ اللہ تعالی پر اعتماد، توکل اور بھروسے کے ثمرات ہیں کہ...یہودی سو سال پیچھے جا گرے ہیں...کھربوں ڈالر سے تیار کردہ ان کے منصوبے خاک میں مل گئے ہیں...بے شمار لوگ تیزی سے اسلام قبول کر رہے ہیں...اور دنیا بھر کی اسلامی تحریکوں میں نئی جان پڑ گئی ہے...قرآن مجید کی سورہ الاحزاب میں دو جگہ...حضرت آقا محمد مدنی صلی اللہ علیہ وسلم کو خطاب فرما کر ”توکل“  کا حکم سنایا گیا...اور دونوں مقامات پر یہ ”توکل“ کفار اور منافقین کے مقابلے میں آیا ہے...کفار اور منافقین کی پہلی کوشش تو یہ ہوتی ہے کہ مسلمانوں کو دین اسلام سے ہٹا دیں...لیکن یہ کوشش زیادہ کامیاب نہیں ہوتی...تب انکی کوشش ہوتی ہے کہ مسلمانوں کو پورا اور مکمل مسلمان نہ رہنے دیں...اور ان کے اندر سے ”دینی غیرت“ نکال دیں...اس کے لئے وہ ہر سطح پر دباؤ بنانے کی کوشش کرتے ہیں...وہ چاہتے ہیں کہ مسلمان دین کی بعض باتوں کو چھوڑ دیں تاکہ وہ پورے اور پکے مسلمان نہ رہیں...پھر ایسے مسلمانوں کو دبانا، غلام بنانا اور اپنے نیچے لگانا ان کے لئے آسان ہو جاتا ہے...اسی لئے قرآن مجید نے بار بار تنبیہ فرمائی کہ...اے مسلمانو! تم کفار اور منافقین کی بات نہ مانو...ان سے نہ دبو...ان سے دوستی اور یاری نہ کرو...سورہ احزاب کا تو آغاز ہی اسی حکم سے ہوا ہے...سورہ احزاب میں ”توکل“ کے حکم پر مشتمل دونوں آیات اگلے مکتوب میں آئیں گی ان شاءاللہ...

والسلام

خادم.....لااله الاالله محمد رسول الله