بسم اللہ الرحمن الرحیم

<مکتوب خادم>

تَوَكَّلْتُ....تَوَكَّلْنَا

السلام علیکم ورحمةالله وبرکاته..

اللہ تعالی پر ہم نے بھروسہ کیا...اردو کے اس جملے کو ”عربی“ میں بولنا ہو تو کہیں گے”تَوَكَّلْنَا“...یہ جمع متکلم کا صیغہ ہے...اور قرآن مجید میں چار مقامات پر آیا ہے...اور یہ چاروں مقامات...”توکّل“ کی چار دعائیں ہیں...

بے انتہا مؤثر اور طاقتور دعائیں...کیونکہ ہم جب کہتے ہیں”تَوَكَّلْنَا“ کہ ہم نے اللہ تعالی پر ”توکّل“ کیا تو دراصل...یہ ہم اللہ تعالی سے مدد مانگ رہے ہوتے ہیں...ہم کہہ رہے ہوتے ہیں کہ یا اللہ میں تو کمزور اور بے بس ہوں...مگر آپ میرا سہارا ہیں...مجھے نہ اپنی طاقت پر بھروسہ ہے...نہ اپنی سمجھ اور فراست پر...میرا اعتماد اور بھروسہ صرف آپ پر ہے...اگر اکیلا آدمی کہے کہ میں نے اللہ تعالی پر ”توکل“ کیا تو اس کے لئے...عربی میں ”تَوَكَّلْتُ“ آئے گا...جو کہ قرآن مجید میں سات جگہ پر آیا ہے...اس بار ہماری مہم میں جو ”دعاء“ چل رہی ہے اسمیں بھی ”تَوَكَّلْتُ“ کا لفظ ہے...

”بِسم الله تَوَكَّلتُ على اللهِ، وَلاَ حول ولا قُوَّة إِلَّا بالله“

خلاصہ یہ ہوا کہ اگر اپنے اور اپنے رفقاء کے لئے دعاء کرنی ہو تو کہیں گے ”تَوَكَّلْنَا“ اور صرف اپنے لئے کرنی ہو تو کہیں گے ”تَوَكَّلْتُ“......

ہم پہلے ”تَوَكَّلْنَا“ والی چار آیات پر بات کریں گے...اس کے بعد ان شاءاللہ ”تَوَكَّلْتُ“ والی سات آیات پر...کوئی سوچ سکتا ہے کہ ”تَوَكَّلْنَا“ میں تو اطلاع ہے اور اعلان ہے کہ ہم نے ”توکل“ کیا...اس میں کچھ مانگا نہیں گیا تو پھر یہ دعاء کیسے بن گئی...

اس کا آسان جواب ایک مثال سے سمجھیں...آپ پر اچانک کوئی کام آ پڑا...کوئی پریشانی آگری...اب دل پریشان...ذہن پریشان...پریشانی اتنی کہ بخار ہو گیا...دل دھڑکنے لگا کہ یہ کیسے ہو گا...اچانک آپ کو خیال آیا کہ...اللہ تعالی موجود ہے...وہ کارساز ہے...پہلے بھی ہر کام اللہ تعالی نے ہی کرایا ہے...بس اب آپ نے اس خیال کو مضبوط کرنا شروع کیا اور فوراً کہا...تَوَكَّلْتُ عَلَى اللّٰهِ...میں نے اللہ تعالی پر بھروسہ کر لیا ہے...بس اسی وقت بخار ختم، دل کی حالت تبدیل...اور کام کے اسباب بننا شروع...یعنی ”تَوَكَّلْتُ“ یا ”تَوَكَّلْنَا“ کہہ کر ہم نے اللہ تعالی سے مدد مانگ لی...اور اپنا کام ان کے سپرد کر دیا...اور ان کو اپنے کام کا ”وکیل“ بنا دیا...”وکیل“ یعنی کام بنانے والا کارساز...اس بارے پہلے ایک مکتوب میں تفصیل آچکی ہے...اب ”تَوَكَّلْنَا“ والی چار آیات کا بیان ہوگا ان شاءاللہ...

والسلام

خادم.....لااله الاالله محمد رسول الله