بسم اللہ الرحمن الرحیم

<مکتوب خادم>

بدفالی کا علاج

السلام علیکم ورحمةالله وبرکاته..

اللہ تعالی پر ”توکل“...بے شمار بیماریوں، خرابیوں اور گمراہیوں کا علاج ہے...مثلاً...کسی چیز کے ”منحوس“ ہونے کا وہم کرنا...اور اس کی وجہ سے کسی کام سے رکنا...جیسا کہ زمانہ جاہلیت میں لوگ پرندے کو اڑاتے تھے...وہ دائیں طرف جاتا تو سفر کرتے...بائیں طرف اڑتا تو سفر منسوخ کر دیتے..اسی طرح وہ تیروں کے ذریعے فال نکالتے اور پھر اس کے مطابق فیصلے کرتے... یا قرعہ اندازی کر کے طئے کرتے کہ یہ کام بابرکت ہے...اور یہ کام منحوس...اسی طرح کسی دن، مہینے، تاریخ یا گھڑی کو  منحوس سمجھنا...اسلام نے ان سب چیزوں کو شرک کی اقسام قرار دیا...حضور اقدس صلی اللہ علیہ وسلم نے ارشاد فرمایا....

”جس کو بد فالی (یعنی بد شگونی) نے کسی کام سے روکا تو اس نے شرک کیا (مسند احمد)“

ایک اور حدیث شریف میں ہے:

بد فالی شرک ہے، بد فالی شرک ہے، بد فالی شرک ہے (احمد و ابوداؤد)

اور عجیب بات یہ ہے کہ ہر انسان کے دل میں کچھ نہ کچھ بد فالی بعض چیزوں کی وجہ سے آجاتی ہے تو آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے اس کا علاج ارشاد فرمادیا کہ...”توکل“ اس کا علاج ہے...جیسے ہی توجہ اس چیز کے ”منحوس“ ہونے کی طرف جائے تو دل کی توجہ...اللہ تعالی کی طرف پھیر لو کہ ان چیزوں سے کچھ نہیں ہوتا...سب کچھ اللہ تعالی سے ہوتا ہے...اور اللہ تعالی خیر فرمائیں گے....

حضور اقدس صلی اللہ علیہ وسلم کا ارشاد گرامی ہے.... بد فالی شرک ہے...لیکن اللہ تعالی اسے ”توکل“ سے دور فرما دیتے ہیں (ترمذی، ابوداؤد)

اور اس کے لئے آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے یہ دعاء بھی سکھا دی ہے:-

اَللّٰهُمَّ لَا خَیْرَ اِلاَّ خَیْرُکَ، وَلَا طَیْرَ اِلَّا طَیْرُکَ وَلَا اِلٰهَ غَیْرُکَ“ (مسند احمد)

ترجمہ: یا اللہ ہر خیر آپ ہی کی طرف سے ہے...ہر قسمت آپ ہی کی طرف سے ہے اور آپ کے سوا کوئی معبود برحق نہیں...

جو لوگ آجکل نجومیوں، دست شناسوں، جھوٹے استخارہ فروشوں کے ہاتھوں اپنا ایمان اور سکون برباد کرتے ہیں...وہ ”توکل“ اور ”توکل“ کے مفہوم پر مشتمل مذکورہ بالا دعاء سے فیض یاب ہوں...صیغہ ”تَوَكَّلْنَا“ کی تیسری آیت جو سورہ الممتحنہ میں ہے...وہ بھی ایک بہت بڑی بیماری، مصیبت اور جُرم کا علاج ہے...وہ ”جُرم“ ہے اسلام دشمن کافروں سے یاریاں، دوستیاں لگانا...اپنی جان اور اولاد کی حفاظت کے لئے ”مخبریاں“ کرنا...اور اپنے رشتہ داروں کی محبت کو...اسلام کی محبت سے بڑھا کر...مسلمانوں کے اجتماعی کام کو نقصان پہنچانا.....اس مبارک آیت اور دعاء کی باقی تفصیل اگلے مکتوب میں ان شاءاللہ...

والسلام

خادم.....لااله الاالله محمد رسول الله