بسم اللہ الرحمن الرحیم

<مکتوب خادم>

”توکل“ کب ٹوٹتا ہے؟

السلام علیکم ورحمةالله وبرکاته..

اللہ تعالی پر ”توکل“ ٹوٹ جائے تو انسان طرح طرح کی غلطیوں اور گناہوں میں مبتلا ہو جاتا ہے...مگر اللہ تعالی پر ”توکل“ ٹوٹتا کیوں ہے؟ اور کب ٹوٹتا ہے؟...یہ بات قرآن مجید کی ”سورہ الممتحنہ“ میں بتائی گئی ہے....اس کی تفصیل سے قبل ان تمام بھائیوں، دوستوں اور مسلمان بہنوں کا شکریہ...جنہوں نے ”مقابلہ بدر“ میں اللہ تعالی پر ”توکل“ کرتے ہوئے بھرپور محنت کی...ان کا بھی شکریہ جنہوں نے خرچ کیا اور ان کا بھی جنہوں نے ترغیب دی اور جمع کیا...اللہ تعالی آپ سب کو قیامت کے دن ”مجاہدین بدر“ اور ”شہداء بدر“ کی شفاعت و رفاقت نصیب فرمائیں....اور دنیا میں بھی آپ کو ہمیشہ ”توکل“ کی عظیم نعمت سے سرفراز فرمائیں...ایک مسلمان کا اللہ تعالی پر یقین اور ”توکل“ کیوں اور کب ٹوٹتا ہے؟...سمجھایا گیا کہ یہ ”توکل“ ٹوٹتا ہے...

•غیر اللہ کے خوف سے •غیر اللہ سے طمع اور لالچ رکھنے سے •اپنی آل اولاد کے دفاع کی فکر میں....اور ظاہری سہاروں کے ٹوٹ جانے سے....

مثلاً طاقتور کافروں اور دشمنوں کا خوف کہ وہ جان سے مار دیں گے یا اولاد کو نقصان پہنچائیں گے...چنانچہ اس خوف کی وجہ سے ان کے ساتھ یاریاں باندھنا....خفیہ تعلقات رکھنا اور مسلمانوں کے راز ان تک پہنچانا...اگر آپ ”سورہ الممتحنہ“ کا پہلا رکوع اچھی طرح سمجھ کر پڑھ لیں تو ان شاءاللہ بہت فائدہ ہوگا اور پوری بات آپ کو سمجھ میں آجائے گی...اللہ تعالی نے اس پر تنبیہ فرمائی کہ...ایسا ہرگز نہ کرو...بلکہ حضرت سیدنا ابراہیم علیہ الصلوٰۃ والسلام اور ان کے صحابہ کرام کے طریقہ پر چلو...وہ اتنے سخت حالات میں تھے کہ ان میں سے کسی کا زندہ بچنا تک محال تھا...اور ان کے دشمن خود ان کے رشتہ دار تھے...مگر انہوں نے دشمنوں سے ہاتھ نہیں ملایا...بلکہ اللہ تعالی پر ”توکل“ کیا...نتیجہ یہ نکلا کہ آج ان کے دشمنوں کا نام و نشان تک باقی نہیں...جبکہ...حضرت سیدنا ابراہیم علیہ الصلوٰۃ والسلام کی ملت بھی موجود ہے...دین بھی موجود ہے...اور نسل بھی موجود ہے....حضرت سیدنا ابراہیم علیہ الصلوٰۃ والسلام اور ان کے صحابہ کرام کی اس موقع پر دعاء یہ تھی:-

رَبَّنَا عَلَیْكَ تَوَكَّلْنَا وَ اِلَیْكَ اَنَبْنَا وَ اِلَیْكَ الْمَصِیْرُ رَبَّنَا لَا تَجْعَلْنَا فِتْنَةً لِّلَّذِیْنَ كَفَرُوْا وَ اغْفِرْ لَنَا رَبَّنَا اِنَّكَ اَنْتَ الْعَزِیْزُ الْحَكِیْمُ (الممتحنہ ۵،٤)

بڑی زبردست اور دلکش دعاء ہے...یاد کر لیں...اپنا لیں...دعاء کا ترجمہ اور مختصر تشریح اگلے مکتوب میں ان شاءاللہ...

والسلام

خادم.....لااله الاالله محمد رسول الله