بسم اللہ الرحمن الرحیم

<مکتوب خادم>

وَ تَوَكَّلْ عَلَى الْحَیِّ الَّذِیْ لَا یَمُوْتُ

السلام علیکم ورحمةالله وبرکاته..

اللہ تعالی پر ”توکل“ کرنے والے...مخلوق کے محتاج نہیں ہوتے...صیغہ ”تَوَكَّلْ“ کی اگلی آیت دیکھیں:-

”وَ تَوَكَّلْ عَلَى الْحَیِّ الَّذِیْ لَا یَمُوْتُ وَ سَبِّحْ بِحَمْدِهٖ وَ كَفٰى بِهٖ بِذُنُوْبِ عِبَادِهٖ خَبِیْرَا“(الفرقان ۵۸)

اور (اے محبوب نبی) آپ توکل (یعنی بھروسہ) کیجئے ہمیشہ زندہ رہنے والے (رب) پر جسے کبھی موت نہیں آئے گی اور آپ اس کی حمد کے ساتھ اس کی تسبیح کیجئے...اور وہ اپنے بندوں کے گناہوں سے مکمل باخبر ہے.........

یہ عجیب کیفیت طاری کر دینے والی آیت مبارکہ ہے....

”وَ تَوَكَّلْ عَلَى الْحَیِّ الَّذِیْ لَا یَمُوْتُ“

کتنی تاکید، کتنی محبت اور کتنی دلیل کے ساتھ...اللہ تعالی ”توکل“ کی طرف بلا رہے ہیں....فرماتے ہیں آپ بھروسہ کیجئے، توکل کیجئے...اس ہمیشہ ہمیشہ زندہ رہنے والے پر جو کبھی نہیں مرے گا...پچھلی آیت میں ارشاد تھا کہ...سب کو بتا دیجئے کہ...میں جو تمہیں دین کی طرف بلا رہا ہوں...تمہیں دعوت دے رہا ہوں...اس پر میں تم سے کوئی اجر، کوئی معاوضہ اور کوئی بدلہ نہیں مانگتا...دعوت کا اتنا عظیم کام... پورے عالم کی ذمہ داری...اور یہ اعلان کہ مجھے تم سے کچھ نہیں چاہیے...تو پھر مدد کون کرے گا؟..اسباب کون فراہم کرے گا؟..کام آگے کیسے بڑھے گا؟..اپنی ضروریات کیسے پوری ہوں گی؟....فرمایا کہ اس کے لئے آپ ”توکل“ کیجئے...اللہ تعالی پر اعتماد کیجئے...دنیا کے سارے سہارے فانی ہیں...جبکہ اللہ تعالی ”الباقی“ ہیں...ہمیشہ زندہ رہنے والے...وہ ہر وقت سنتے ہیں اور ہر وقت مدد فرما سکتے ہیں...امام ابن کثیر رحمہ اللہ تعالی فرماتے ہیں کہ...اس آیت مبارکہ میں سمجھایا گیا کہ...عبادت صرف اللہ تعالی کی کریں...اور توکل صرف اللہ تعالی پر کریں...نہ عبادت میں کسی کو شریک بنانا جائز....نہ ”توکل“ میں کسی کو شریک بنانا جائز...تو اس آیت میں ”مقام توکل“....”دعوت الی اللہ“ ہے...کہ آپ خود کو دین کے لئے...دین کی دعوت کے لئے وقف کر دیں...اور اپنے تمام احوال اور تمام ضروریات میں اللہ تعالی پر ”توکل“ یعنی بھروسہ کریں....اور شان توکل اس میں یہ ہے کہ...توکل کی برکت سے اللہ تعالی آپ کے بوجھ کو ہلکا فرما دیں گے...وہ آپ کو کسی کا محتاج نہیں فرمائیں گے...اور اپنے بندوں کے گناہوں سے وہ اچھی طرح واقف ہیں...ان کے گناہوں کی ذمہ داری اور گناہوں کے اثرات سے آپ کو محفوظ رکھا جائے گا...

والسلام

خادم.....لااله الاالله محمد رسول الله