بسم اللہ الرحمن الرحیم

<مکتوب خادم>

ایمانی نعمتوں کی چابی

السلام علیکم ورحمةالله وبرکاته..

اللہ تعالی پر یقین اور ”توکل“ ہو تو انسان حالات کی ظاہری خرابی سے نہیں گھبراتا...اور نہ ہی”اہل باطل“ کی ظاہری ترقی سے متاثر ہوتا ہے...

کل جو آیت مبارکہ ہم نے پڑھی...وہ ”سورۃ الملک“ کی آیت ہے جو کہ مکہ مکرمہ میں نازل ہوئی...مکہ مکرمہ میں مسلمان تھوڑے تھے...مظلوم تھے اور امتحان و آزمائش میں تھے...جبکہ ”کفار“ بظاہر طاقتور، خوشحال اور غالب تھے...چنانچہ وہ خود کو کامیاب، برحق اور سمجھدار قرار دیتے تھے...اور مسلمانوں کو گمراہ اور پسماندہ کہتے تھے...ان حالات میں عرش سے آواز آئی کہ...ان کافروں سے فرما دیجئے...ہمارا رب بہت مہربان ہے...ہم اس پر ایمان رکھتے ہیں...اور ہم اسی پر ”توکل“ کرتے ہیں...”ایمان“ کے ساتھ جب ”توکل“ آجاتا ہے تو پھر اللہ تعالی کی نصرت ضرور آتی ہے...اور یہ نصرت آئے گی...تب تم دیکھ لو گے کہ حالات کیسے بدلتے ہیں...تب تمہیں کھلی آنکھوں سے نظر آجائے گا کہ کامیاب کون ہے اور ناکام کون؟..حق پر کون ہے اور گمراہ کون؟...

چنانچہ ایسا ہی ہوا...اور کچھ ہی عرصہ بعد حالات یکسر تبدیل ہو گئے...تب کافروں کو جزیرہ عرب میں سر چھپانے کی جگہ بھی نہیں ملتی تھی...دوسرا مطلب یہ ہے کہ...عنقریب موت کے وقت تم جب اپنا برا انجام دیکھو گے تب تمہیں معلوم ہوگا کہ...کامیاب کون ہے اور ناکام کون؟...حق پر کون ہے اور گمراہ کون؟ تب تمہیں ”ایمان“ اور ”توکل“ کی قدر معلوم ہوگی...مگر اس وقت معلوم ہونے کا تمہیں کوئی فائدہ نہیں ہوگا.......اس آیت مبارکہ میں دو (۲) نکتے بہت اہم ہیں....

(۱) فرمایا گیا....”اٰمَنَّا بِهٖ“ ہم اللہ تعالی پر ایمان لائے...ایمان میں ”توکل“ بھی شامل ہے مگر پھر خاص طور پر الگ سے فرمایا گیا ”وَ عَلَیْهِ تَوَكَّلْنَا“...اس میں ”توکل“ کی شان بیان ہوئی کہ...ایمان اور اعمال میں کامیابی...بغیر ”توکل“ کے نہیں ملتی...اس لئے ”توکل“ یعنی اللہ تعالی پر یقین اور بھروسہ بہت ضروری عمل ہے...

(۲) ”توکل“ یعنی اللہ تعالی پر یقین اور بھروسہ یہ نعمتوں کی چابی ہے...”ایمان“ میں...اللہ تعالی نے جو انعامات رکھے ہیں...دنیا اور آخرت میں...ان انعامات کو جو زیادہ سے زیادہ حاصل کرنا چاہتا ہو...اسے چاہیے کہ اللہ تعالی پر سچا توکل رکھے...

اَللّٰهُمَّ إِنَّا نسئَلُكَ صِدْقَ التَّوَكُّلِ عَلَيْكَ وَحُسْنَ الظَّنِّ بِكَ

یا اللہ آپ سے ”سچے توکل“ اور آپ سے ”حسن ظن“ کا سؤال ہے...

والسلام

خادم.....لااله الاالله محمد رسول الله