بسم اللہ الرحمن الرحیم

<مکتوب خادم>

بے حساب

السلام علیکم ورحمةالله وبرکاته..

اللہ تعالی پر ”توکل“ نصیب ہو جائے تو دنیا میں بھی ”سکون“....اور آخرت میں بھی ”سکون“ آخرت میں بغیر  حساب و کتاب کے جنت اور کامیابی...اور دنیا میں بغیر حساب و کتاب کے رزق اور توفیق......حضور اقدس صلی اللہ علیہ وسلم کا ارشاد گرامی ہے:

میری امت کے ستر ہزار افراد...بغیر حساب ”جنت“ میں داخل ہوں گے یہ وہ لوگ ہیں جو (غیر شرعی) جھاڑ پھونک (منتر، تعویذ وغیرہ) نہیں کرتے اور نہ بد شگونی (یعنی بدفالی) لیتے ہیں اور اپنے رب پر ہی ”توکل“ کرتے ہیں (بخاری، مسلم)

دیگر روایات سے ایسے افراد کی زیادہ تعداد ثابت ہے...شیطان ہر وقت انسان کو ڈراتا رہتا ہے...خوف، وہم اور وسوسہ...فلاں نوکری نہ رہی تو روزی کہاں سے آئے گی؟...فلاں شخص سے تعلق نہ رہا...یا وہ مر گیا تو میں بھوکا مر جاؤں گا...میرے لئے فلاں دن منحوس ہے...فلاں تاریخ اور مہینہ میرے لئے بھاری ہے...میرے رزق کو کسی نے باندھ دیا ہے...میری قسمت پر کسی نے بندش لگا دی ہے...فلاں نے مجھ پر جادو کر دیا ہے اب میں نہیں بچ سکتا...حالانکہ یہ سب باتیں فضول ہیں...جادو وغیرہ برحق ہیں...مگر وہ بھی آسانی سے ٹوٹ جاتے ہیں...اور اللہ تعالی کے حکم کے بغیر وہ بھی کوئی نقصان نہیں پہنچا سکتے...”توکل“ کی برکت سے انسان کو ”رضا بالقضاء“ نصیب ہوتی ہے...چنانچہ وہ بے شمار جھگڑوں اور پریشانیوں سے بچ جاتا ہے...فلاں جگہ رشتہ کیوں نہیں ہوا؟...فلاں نے مجھے یہ چیز کیوں نہیں دی؟...اللہ تعالی کی تقدیر پر یقین ہو تو انسان کو ان باتوں پر رنج اور غصہ نہیں آتا بلکہ وہ خوش ہوتا ہے کہ....اچھا ہوا اس میں خیر نہیں ہوگی...خیر ہوتی تو یہ رشتہ مل جاتا...فلاں چیز مل جاتی...”توکل“ دراصل ایک روحانی طاقت ہے...اللہ تعالی یہ طاقت اپنے پیارے بندوں کو عطاء فرماتے ہیں...چنانچہ وہ ہر موقع اور ہر مشکل پر کہتے ہیں...”بِسْمِ اللّٰهِ تَوَكَّلْتُ عَلَى اللّٰهِ“....

قرآن مجید میں ”تَوَكَّلْتُ“ کا صیغہ سات آیات میں آیا ہے...”تَوَكَّلْتُ“ کا معنی ہے...میں نے اللہ تعالی پر بھروسہ اور اعتماد کر لیا ہے...میں نے اللہ تعالی کو اپنا ”وکیل“ مان لیا ہے...میں نے اللہ تعالی کو اپنا ”وکیل“ بنا لیا ہے...اس میں ”اعلان توکل“ بھی ہے اور ”دعاء توکل“ بھی...اگلے مکتوب سے ہم ان شاءاللہ ان آیات کو پڑھیں گے...ہمارے ”مرکز شریف“ کے دیرینہ ساتھی اور خادم ڈاکٹر عبدالعزیز صاحب...گزشتہ رات وفات پا گئے ہیں...ان کے لئے ”دعاء“ اور ”ایصال ثواب“ کی گزارش ہے...

والسلام

خادم.....لااله الاالله محمد رسول الله