بسم اللہ الرحمن الرحیم

<مکتوب خادم>

”توکل“ کیوں نہیں کرتے؟

السلام علیکم ورحمةالله وبرکاته..

اللہ تعالی پر ”توکل“ کی طاقت اور شان دیکھنی ہو تو قرآن مجید میں...”تَوَكَّلْتُ“ والی سات آیات پڑھ لیں......ان سات آیات سے ”توکل“ کی...ناقابل شکست طاقت کا یقین ہو جاتا ہے اور ”توکل“ کی سات دعائیں بھی حاصل ہو جاتی ہیں...

(۱) سورہ التوبہ کی آیت (۱۲۹)...اس میں اللہ تعالی اپنے محبوب نبی صلی اللہ علیہ وسلم سے فرما رہے ہیں کہ...انکار اور دشمنی کرنے والوں سے صاف فرما دیجئے کہ...میں نے اللہ تعالی پر توکل کر لیا ہے...وہی میرے لئے کافی ہے (تم میرا کچھ نہیں بگاڑ سکو گے...اور نہ اس دین کو آگے بڑھنے سے روک سکو گے)

(۲) سورہ یونس کی آیت (۷۱)..اسمیں حضرت نوح علیہ الصلوٰۃ والسلام کی للکار ہے کہ...ساری دنیا کے کافر اپنے خداؤں کو ساتھ ملا کر...میرے خلاف کاروائی کریں تو بھی مجھے کوئی نقصان نہیں پہنچا سکتے کیونکہ میرا ”توکل“ اور بھروسہ اللہ تعالی پر ہے....

(۳) سورہ ھود کی آیت (۵٦)...اس میں حضرت ہود علیہ الصلوٰاۃ والسلام اپنی عظیم الجثہ طاقتور قوم کے بدمعاشوں کو فرما رہے ہیں کہ...سارے مل کر میرے خلاف تدبیر کرو اور مجھے مہلت بھی نہ دو...میں ”توکل“ کے ذریعہ تمہارا مقابلہ کروں گا...

(٤) سورہ ھود کی آیت(۸۸).. اسمیں حضرت شعیب علیہ الصلوٰۃ والسلام...اپنی قوم سے فرما رہے ہیں کہ...میں تمہاری اصلاح چاہتا ہوں...اور میں جو کچھ کرتا ہوں...محض اللہ تعالی کی توفیق...اور اللہ تعالی پر توکل سے کرتا ہوں...

(۵) سورہ یوسف کی آیت (٦٧)...اسمیں حضرت یعقوب علیہ الصلوٰۃ والسلام اپنے بیٹوں کو ”نظربد“اور ”حسد“ سے حفاظت کی ایک تدبیر بتا رہے ہیں...اور ساتھ ”توکل“ کا اعلان فرما کر سمجھا رہے ہیں کہ...بھروسہ صرف اللہ تعالی کی حفاظت پر رکھو...تدابیر اور اسباب کی وجہ سے دھوکے میں نہ پڑو...جائز تدابیر اختیار کر کے یقین اللہ تعالی پر رکھو...

(٦) سورہ الرعد کی آیت (۳۰)...اسمیں حضور اقدس صلی اللہ علیہ وسلم سے فرمایا جا رہا ہے کہ...منکرین کے مقابلے میں ”توکل“ کا اعلان فرمائیں کہ...مجھے نہ تمہارے جھٹلانے سے کوئی خطرہ ہے اور نہ میں اللہ تعالی کی مدد سے مایوس ہوں...

(۷) سورہ الشوریٰ کی آیت (۱۰)...اسمیں سمجھایا گیا کہ...جن معاملات میں شدید اختلاف ہو جائے...انمیں بھی حق کا راستہ...اللہ تعالی پر ”توکل“ کرنے سے ملتا ہے.....

اندازہ لگائیں...”توکل“ میں کتنی طاقت ہے...اور ”توکل“ کی کتنی برکات ہیں...جبکہ ہم چھوٹے چھوٹے معاملات میں ڈپریشن، پریشانی اور ٹینشن کا شکار ہو جاتے ہیں...اللہ تعالی کے بندو! اللہ تعالی کی طرف توجہ...اور اللہ تعالی پر ”توکل“ (بھروسہ) کیوں نہیں کرتے؟...”تَوَكَّلْتُ“ والی سات دعائیں مع ترجمہ اگلے مکتوب میں ان شاءاللہ...مغرب سے جمعہ شریف، مقابلہ حسن مرحبا!

والسلام

خادم.....لااله الاالله محمد رسول الله