بسم اللہ الرحمن الرحیم

<مکتوب خادم>

”توکل“ کا اعجاز

السلام علیکم ورحمةالله وبرکاته..

اللہ تعالی پر ”توکل“ کی برکت سے ناممکن نظر آنے والی چیزیں...ممکن ہو جاتی ہیں...آج ہم صیغہ”تَوَكَّلْتُ“ والی سات آیات اور دعائیں ترجمہ کے ساتھ شروع کرتے ہیں ان شاءاللہ......

(۱) فَاِنْ تَوَلَّوْا فَقُلْ حَسْبِیَ اللّٰهُ لَاۤ اِلٰهَ اِلَّا هُوَ عَلَیْهِ تَوَكَّلْتُ وَ هُوَ رَبُّ الْعَرْشِ الْعَظِیْمِ (التوبۃ ۱۲۹)

ترجمہ پھر بھی اگر وہ منہ پھیریں تو آپ کہہ دیں...کافی ہے مجھ کو اللہ...اس کے سوا کوئی معبود نہیں...اُسی پر میں نے بھروسہ کیا اور وہی مالک ہے عرش عظیم کا...

تفسیر  اگر آپ کی عظیم الشان شفقت، خیر خواہی اور دلسوزی کی لوگ قدر نہ کریں تو کچھ پرواہ نہیں...اگر فرض کیجئے ساری دنیا آپ سے منہ پھیر لے تو تنہا اللہ تعالی آپ کو کافی ہے...جس کے سوا نہ کسی کی بندگی ہے نہ کسی پر بھروسہ ہو سکتا ہے...کیونکہ زمین و آسمان کی سلطنت اور ”عرش عظیم“ کا مالک وہی ہے...سب نفع و ضرر، ہدایت و ضلالت اسی کے ہاتھ میں ہے (فائدہ) ابو داؤد میں ابو الدرداء (رضی اللہ عنہ) سے روایت ہے کہ جو شخص صبح و شام سات سات مرتبہ”حَسْبِیَ اللّٰهُ لَاۤ اِلٰهَ اِلَّا هُوَ عَلَیْهِ تَوَكَّلْتُ وَ هُوَ رَبُّ الْعَرْشِ الْعَظِیْمِ“ پڑھا کرے...اللہ تعالی اس کے تمام ہموم و غموم کو کافی ہو جائے گا (تفسیر عثمانی)

اس میں ”توکل“ کی دعاء تو ”حَسْبِیَ اللّٰهُ“ سے شروع ہوتی ہے...اسی کو اپنے معمولات کا پکا حصہ بنائیں...لیکن اگر کوئی اس پوری آیت کو بطور وظیفہ پڑھنا چاہے تو بھی پڑھ سکتا ہے...فَاِنْ تَوَلَّوْا فَقُلْ حَسْبِیَ اللّٰهُ الخ..........بعض اکابر نے اس کا ایک وظیفہ بھی لکھا ہے کہ...رات کو آدھی رات گزرنے کے بعد یہ آیت تیس بار پڑھیں...اور پھر جو ناراض ہو...یا خواہ مخواہ بگڑا ہوا ہو تو اس کے ساتھ معاملہ درست ہونے کی دعاء کریں...جیسے خاوند، بیوی، اولاد وغیرہ....اچھا یہی ہے کہ یہ عمل شب جمعہ...آدھی رات کے بعد کریں لیکن اگر دن کو یا کسی بھی وقت کر لیں تو بھی فائدہ ہوتا ہے....نیز مشایخ کرام ”سورہ التوبہ“ کی آخری دو آیات روزانہ عصر یا مغرب کے بعد سات بار پڑھنے کی تلقین کرتے ہیں...لَقَدْ جَآءَكُمْ رَسُوْلٌ مِّنْ اَنْفُسِكُمْ....سے لیکر....رَبُّ الْعَرْشِ الْعَظِیْمِ...تک...اس سے بہت برکت نصیب ہوتی ہے...اور یہ جادو کا بھی مؤثر علاج ہے...ان شاء اللہ تعالی...

دراصل یہ آیات ”توکل علی اللہ“ کا اعجاز ہیں..اور ان میں بے شمار راز پوشیدہ ہیں...اللہ تعالی ہمارا اور آپ کا سینہ کھول دیں...

”حَسْبِیَ اللّٰهُ لَاۤ اِلٰهَ اِلَّا هُوَعَلَیْهِ تَوَكَّلْتُ وَ هُوَ رَبُّ الْعَرْشِ الْعَظِیْمِ“

والسلام

خادم.....لااله الاالله محمد رسول الله