بسم اللہ الرحمن الرحیم

<مکتوب خادم>

مخلوق قبضے میں

السلام علیکم ورحمةالله وبرکاته..

اللہ تعالی پر ”توکل“ کرنے سے دل کا ہر خوف دور ہو جاتا ہے...”صیغہ تَوَكَّلْتُ“ کی تیسری آیت دیکھیں...

”اِنِّیْ تَوَكَّلْتُ عَلَى اللّٰهِ رَبِّیْ وَ رَبِّكُمْ مَا مِنْ دَآبَّةٍ اِلَّا هُوَ اٰخِذٌۢ بِنَاصِیَتِهَا اِنَّ رَبِّیْ عَلٰى صِرَاطٍ مُّسْتَقِیْمٍ“ (ھود ۵٦)

ترجمہ: (حضرت ہود علیہ الصلوٰۃ والسلام نے اپنی قوم سے کہا) بے شک میں اللہ تعالی پر ”توکل“ (یعنی بھروسہ) رکھتا ہوں جو کہ میرا اور تمہارا ”رب“ ہے...زمین پر چلنے والی ہر مخلوق اللہ تعالی ہی کے قبضۂ قدرت میں ہے..بے شک میرا پروردگار (ہر معاملہ میں) برحق ہے...

حضرت سیدنا ہود علیہ الصلوٰۃ والسلام کی قوم...قوم عاد...طاقت، قوت، صنعت و حرفت اور معیشت میں اپنی مثال آپ...مگر ایمان سے محروم...اور اپنے کفر اور طاقت پر مطمئن بلکہ متکبر...وہ اللہ تعالی کے ”نبی“ کو اپنے معاشرے پر بوجھ سمجھ رہے تھے...اور ان سے کہہ رہے تھے کہ...آپ ہمارے بتوں، خداؤں اور بزرگوں کی پکڑ میں آچکے ہیں...اب ہمیں آپ کو اور آپ کے کام کو مٹانا ہی پڑے گا...تب حضرت ہود علیہ الصلوٰۃ والسلام کی پرسوز آواز گونجی:-

”فَكِـيْدُوْنِىْ جَـمِيْعًا ثُـمَّ لَا تُنْظِرُوْنِ“

تم سب مل کر میرے خلاف جو سازش کرنا چاہتے ہو...کر گزرو...اور مجھ پر کوئی رحم نہ کھاؤ...میں تمہاری طاقت اور تمہاری شرارت سے بے فکر ہوں...کیونکہ”اِنِّیْ تَوَكَّلْتُ عَلَى اللّٰهِ“ میں نے اللہ تعالی پر توکل کر لیا ہے...اور زمین کی ہر مخلوق اور ہر چیز میرے رب کے قبضے میں ہے...تمہارے بے جان بت مجھ پر کیا جادو کریں گے؟میرا رب تو ہر جاندار کا مالک ہے...

اس آیت مبارکہ سے بہت جامع اور مؤثر دعاء معلوم ہوئی...

”اِنِّیْ تَوَكَّلْتُ عَلَى اللّٰهِ رَبِّیْ وَ رَبِّكُمْ مَا مِنْ دَآبَّةٍ اِلَّا هُوَ اٰخِذٌۢ بِنَاصِیَتِهَا اِنَّ رَبِّیْ عَلٰى صِرَاطٍ مُّسْتَقِیْمٍ“

توکل کی یہ دعاء...اور آیت مبارکہ...اُن آیات میں سے ہے جنہیں ”حفاظت“ کے لئے پڑھا جاتا ہے...زمین پر حرکت کرنے والی ہر چیز کی پیشانی...اللہ تعالی نے پکڑ رکھی ہے...تو پھر کوئی چیز اللہ تعالی کے حکم کے بغیر کس طرح سے نقصان پہنچا سکتی ہے...ایک مسلمان کو چاہیے کہ وہ دنیا کی سفلی طاقتوں سے ہرگز نہ ڈرے...کسی نقلی معبود یا بھگوان کا خوف دل میں نہ آنے دے...کسی جن، دیو اور پری سے نہ ڈرے...کسی جادو، منتر، ٹونے اور قبر سے خوف نہ کھائے...کسی جادوگر، نجومی، عامل، شعبدہ باز اور ٹیلی پیتھر سے نہ گھبرائے...کسی رکاوٹ، بندش، وہم اور وسوسے کی فکر نہ کرے...بلکہ یقین سے کہے...

اِنِّیْ تَوَكَّلْتُ عَلَى اللّٰهِ رَبِّیْ وَ رَبِّكُمْ مَا مِنْ دَآبَّةٍ اِلَّا هُوَ اٰخِذٌۢ بِنَاصِیَتِهَا اِنَّ رَبِّیْ عَلٰى صِرَاطٍ مُّسْتَقِیْمٍ

”مقابلہ خیبر“ کی شاندار کامیابی اور قبولیت کے لئے بھی...اس عظیم آیت مبارکہ کا فیض حاصل کریں...

والسلام

خادم.....لااله الاالله محمد رسول الله