بسم اللہ الرحمن الرحیم

<مکتوب خادم>

توفیق اور توکّل

السلام علیکم ورحمةالله وبرکاته..

اللہ تعالی سے ”دو نعمتیں“ بہت مانگا کریں...(1) توفیق اور (2) توکل...یہ دو نعمتیں جن کو مل جائیں وہ بڑے ”خاص بندے“ بن جاتے ہیں...اس لئے کہ انسان کوئی بھی اچھا اور بڑا کام...اللہ تعالی کی توفیق کے بغیر نہیں کر سکتا...اور اللہ تعالی کی توفیق ان کو ملتی ہے جو اللہ تعالی پر یقین، بھروسہ اور اعتماد رکھتے ہیں...یعنی ”توکل“ کرتے ہیں...صیغہ ”تَوَكَّلْتُ“ کی چوتھی آیت...سورہ ھود کی آیت رقم (۸۸) ہے...اسمیں  حضرت سیدنا شعیب علیہ الصلوٰۃ والسلام...اپنی قوم کو سمجھا رہے ہیں کہ میں جو کچھ کر رہا ہوں...تمہارے فائدے اور اصلاح کے لئے کر رہا ہوں...مجھے تم سے کوئی ذاتی غرض نہیں ہے...اور نہ میں یہ چاہتا ہوں کہ تم سے دنیا چھڑوا دوں اور خود ”دنیا پرست“ بن جاؤں...مجھے اللہ تعالی نے جو حلال اور پاکیزہ رزق دیا ہوا ہے...اور جو روحانی نعمتیں عطاء فرما رکھی ہیں وہ میرے لئے کافی ہیں...میں تمہارے اس قدر پرکشش ماحول کے خلاف ڈٹ کر کھڑا ہوں...کیونکہ اس عیاشی میں تمہارے لئے ہلاکت ہے...انسان کے پاس پیسہ آتا ہے تو وہ ماحول اور معاشرے کے ساتھ بہہ جاتا ہے...اور انہی کی رسومات اور فیشن کو اپنا لیتا ہے...میرا ایسا کوئی ارادہ نہیں ہے کہ تمہارے طریقے پر چلوں...میری یہ ”دعوت“ اور میری یہ ”استقامت“ صرف اور صرف اللہ تعالی کی توفیق سے ہے...اور میرا بھروسہ اور اعتماد اللہ تعالی پر ہے...یعنی مجھے اللہ تعالی کی طرف سے ”توفیق“ بھی نصیب ہے...اور اللہ تعالی پر ”توکل“ بھی حاصل ہے...اس لئے میری کامیابی یقینی ہے...تم بھی کامیابی چاہتے ہو تو اسی طریقے پر آجاؤ...نہیں آؤ گے تو تباہ ہو جاؤ گے...اس آیت مبارکہ میں جو ”دعاء“ ہے وہ بہت شاندار، مؤثر اور جامع دعاء ہے...اس ”دعاء“ کے ساتھ جڑنے والوں کو توفیق بھی ملتی ہے...توکل بھی نصیب ہوتا ہے...اور ”انابت“ بھی حاصل ہوتی ہے......

وَ مَا تَوْفِیْقِیْۤ اِلَّا بِاللّٰهِ عَلَیْهِ تَوَكَّلْتُ وَ اِلَیْهِ اُنِیْبُ (ھود ۸۸)

ترجمہ: میری ہر ”توفیق“ اللہ تعالی ہی کی طرف سے ہے اسی پر میں ”توکل“ کرتا ہوں اور اسی کی طرف ”رجوع“ کرتا ہوں......

معلوم ہوا مؤمن کی بڑی اور خاص کامیابی اس میں ہے کہ وہ.....

صرف ایک اللہ تعالی سے مانگے...اور صرف ایک اللہ تعالی پر بھروسہ اور توکل کرے...

جیسا کہ فرمایا ”اِیَّاكَ نَعْبُدُ وَ اِیَّاكَ نَسْتَعِیْنُ“...اور فرمایا ”فَاعْبُدْهُ وَ تَوَكَّلْ عَلَیْهِ“ یا اللہ ”توفیق“ نصیب فرما... یا اللہ ”توکل“ نصیب فرما....بحق قولک الکریم...

...وَ مَا تَوْفِیْقِیْۤ اِلَّا بِاللّٰهِ عَلَیْهِ تَوَكَّلْتُ وَ اِلَیْهِ اُنِیْبُ...

والسلام

خادم.....لااله الاالله محمد رسول الله