08.09.2025

بسم اللہ الرحمن الرحیم

<مکتوب خادم>

مسجد جیسا محل

السلام علیکم ورحمة اللہ وبرکاته..

اللہ تعالی کی ”جنت“ میں کوئی ”بے گھر“ نہ ہوگا..کیونکہ ”جنت“ تو ”جنت“ ہے..عظیم الشان بے حد وسیع..اور ہمارے وہم و گمان سے بھی زیادہ خوبصورت اور زیادہ بڑی..ایک صاحب ابھی حال ہی میں امریکہ کا دورہ کر کے آئے ہیں..انہوں نے لکھا ہے کہ نیویارک اور واشنگٹن میں بے گھر (ہوم لس) افراد کی تعداد بے حد بڑھ گئی ہے..لاکھوں افراد کے پاس رہنے کے لیے کوئی گھر یا کمرہ نہیں ہے..وہ درختوں کے نیچے..یا کسی بھی جگہ کھلے آسمان تلے پڑے رہتے ہیں..یا کوئی خیمہ یا ٹینٹ لگا لیتے ہیں....خیر ان کو چھوڑیں..”جنت شریف“ کی بات سنیں کہ وہاں کوئی ”بے گھر“ نہیں ہوگا...کوئی فارغ یا بے کار نہیں ہو گا..کوئی بیمار یا معذور نہیں ہوگا..کوئی بوڑھا یا کمزور نہیں ہوگا....اب سؤال یہ ہے کہ..جب ”جنت“ میں ویسے ہی ہر کسی کو اپنا ”محل“ ملنا ہے تو پھر.....مسجد بنانے والوں کے لیے یہ کیسی خوشخبری اور بشارت ہے کہ....اللہ تعالی ان کے لیے جنت میں گھر بنائیں گے؟..جب اللہ تعالی کے فضل سے ”جنت“ مل گئی تو ”محل“ بھی ملے گا...مسجد بنائیں یا نہ بنائیں جنت کا محل پکا ہے.....جواب یہ ہے کہ.....مسجد بنانے پر جو ”محل“ ملے گا وہ بہت خاص ”محل“ ہوگا....ایسا ”محل“ جو اللہ تعالی خاص طور پر خود بنائیں گے...اور وہ ”محل“ دوسرے ”محلات“ سے ایسے ممتاز اور افضل ہوگا..جیسے دنیا میں ”مسجد“ دیگر عمارتوں سے ممتاز اور افضل ہوتی ہے...اور اس کی ”دلیل“ حدیث شریف کے یہ الفاظ ہیں....”مِثْلَہ فی الجنۃ“...کہ جو اللہ تعالی کی رضا کے لیے مسجد بنائے گا…اللہ تعالی اس کے مثل..یعنی اس جیسا گھر اس کے لیے جنت میں بنائیں گے..مطلب واضح ہے کہ..خاص ترین گھر...آباد ترین گھر...دلوں کو اپنی طرف کھینچنے والا گھر..سکون اور تقدس سے لبریز گھر..اور ایسا گھر کہ جس میں آنے والے خود کو خوش نصیب سمجھیں گے....اللہ اکبر....کیسا عالی شان اور عالی مقام ہوگا وہ گھر.......اب اللہ تعالی دنیا میں کسی کو مال دیں اور وہ جنت کا یہ خصوصی اور عالی شان محل نہ خریدے تو اسے کیا کہیں گے؟

پھر ایک نکتہ اور سمجھیں..مسجد بنانے پر جنت میں گھر بنانے کا وعدہ پکا ہے..ایک نہیں کئی احادیث صحیحہ میں آیا ہے..معلوم ہوا کہ جیسے ہی ہم نے مسجد بنائی فوراً ہی جنت میں گھر بنا دیا گیا..یعنی بکنگ پکی ہو گئی...ہمارا جنتی مکان تیار ہو گیا ہے...اب یہ مکان کسی اور کو تو نہیں مل سکتا..ان شاءاللہ ہمیں ہی ملے گا..تو ابھی سے ”جنت“ کی جاگیر اور جائیداد تیار.....والحمدللہ رب العالمین...اللہ تعالی مجھے اور آپ سب کو پوری پوری مسجد اور مساجد بنانے اور آباد کرنے کی توفیق عطاء فرمائیں...فی الحال اپنی استطاعت کے مطابق بھرپور حصہ تو ڈالیں..

والسلام

خادم.....لااله الاالله محمد رسول الله