15.12.2025

بسم اللہ الرحمن الرحیم

<مکتوب خادم>

مَحْرَم راز

السلام علیکم ورحمة اللہ وبرکاته...

اللہ تعالی ہمیں اپنے...”اولیاء کرام“ کا ”محب“ بنائے، محبوب بنائے..سلسلہ عالیہ نقشبندیہ کے شیخ العصر، مرجع الزمان حضرت مولانا حافظ ذوالفقار احمد صاحب نقشبندی...”فنا“ سے ”بقا“ کی جانب سفر فرما گئے...انا للّٰہ وانا الیہ راجعون...”نقشبندی“ سلسلہ تصوف بھی بہت عجیب ہے..تیز تر مگر نازک ترین...یہ کسی کسی کو ہضم ہوتا ہے..لیکن جب ہضم ہو جائے تو اس کی پرواز بہت بلند ہوتی ہے....حضرت اقدس مولانا حافظ غلام حبیب صاحب نقشبندی قدس سرہ...اس مبارک اور عالی سلسلے کے ”بادشاہ“ اور ”مرشد عالم“ تھے..الحمدللہ زمانہ طالب علمی میں ان سے استفادہ کا شرف ملا..ان کا ”بیان“ تفسیر قرآن ہوتا تھا..ہر جملے کے ساتھ کسی آیت مبارکہ کو جوڑتے چلے جاتے اور زمین و آسمان کے درمیانی فاصلے کو مٹا دیتے..

حضرت حافظ ذوالفقار احمد صاحب رحمہ اللہ تعالی نے ان کے فیض کو جذب کیا اور ماشاءاللہ چھا گئے...ایک ہی دن میں..حضرت مرشد عالم کے جانشین..حضرت مولانا عبدالرحیم صاحب نقشبندی..اور حضرت پیر ذوالفقار احمد صاحب نقشبندی..اہل دنیا کو روتا چھوڑ گئے..انا للہ وانا الیہ راجعون...اجتماعی نقصان اور اجتماعی صدمہ ہے..اس لیے دونوں حضرات کے اہل و عیال کے ساتھ ساتھ..تمام اہل ارض سے ”تعزیت“ ہے...چکوال کے عالمی نقشبندی اجتماع میں...چند بار شرکت کا موقع ملا...الحمدللہ ”جہاد فی سبیل اللہ“ پر بیان کی توفیق ملی...وہاں محبت اور موافقت ایسی ہوتی تھی کہ....”جہاد“کے نکات کھل کھل کر خود زبان پر آ جاتے تھے...والحمدللہ رب العالمین..اللہ تعالی نے جن کو اپنے پاس بلا لیا..ان کو مغفرت اور اکرام و محبت کا عالی مقام نصیب فرمائیں..اور جو ان کے ”جانشین“ بنیں گے..اللہ تعالی ان کو ”راہ مستقیم“ پر مضبوطی اور ترقی عطاء فرمائیں.....

”ذکر اللہ“بلا شبہ عظیم و اکبر ہے..اور اس کے قبول ہونے کی علامت..شریعت کے تمام احکامات پر مضبوطی کا حاصل ہونا ہے..اللہ تعالی ”نقشبندیوں“ میں اس راز کے ”محرم راز“ زیادہ فرمائیں..کیونکہ....داغستان کے پہاڑوں سے لے کر..البانیہ کی وادیوں تک..اور سائبیریا کے برف زاروں سے لے کر..ترکی کی خانقاہوں تک..یہ ”راز“ مخفی ہوتا جا رہا ہے..اور حضرت پیر ذوالفقار احمد صاحب کے ”وصال“ سے..ایک بڑا ”خلاء“ دل کو ”رلا“ رہا ہے....انا للہ وانا الیہ راجعون.....

والسلام

خادم.....لااله الاالله محمد رسول الله