27.01.2026

بسم اللہ الرحمن الرحیم

<مکتوب خادم>

تیر اندازی

السلام علیکم ورحمة اللہ وبرکاته...

اللہ تعالی کے مبارک اور عظیم نام سے....اور اللہ تعالی کی توفیق سے..آج ”تیر اندازی“ پر کچھ بات کرتے ہیں..آپ کی آسانی کے لیے...ترتیب کے ساتھ خلاصہ عرض خدمت ہے..

(۱) اللہ تعالی نے قرآن مجید میں...مسلمانوں کو ”قوت“ بنانے کا حکم فرمایا ہے..دیکھیے سورہ انفال کی آیت رقم(۶۰) حضور اقدس صلی اللہ علیہ وسلم نے ”قوت“ کی تفسیر ”تیر اندازی“ سے فرمائی ہے..دیکھیے صحیح مسلم...اسی لیے اہل علم فرماتے ہیں کہ

”وَهٰذَا الْفَضْلُ لِلْرَمِيْ باقٍ اِلٰى قِيامِ السَّاعَةِ“

یعنی..تیر اندازی کے فضائل قیامت تک ہیں...یعنی اس کی جنگی ضرورت رہے یا نہ رہے..چونکہ یہ اللہ تعالی کا اور رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کا حکم ہے..تو اس کی فضیلت..اور اس کے فضائل قیامت تک رہیں گے....

(۲) تیر اندازی کا حکم قرآن مجید میں ہے...احادیث مبارکہ میں ہے..تو یہ بھی ایک ”دینی علم“ ہے..مسلمانوں کو چاہیے کہ اس علم کو پڑھیں بھی...اور سیکھیں بھی..

(۳) اہل علم نے ”تیر اندازی“ کے فضائل، احکام اور آداب پر سینکڑوں صفحات پر مشتمل کتابیں لکھی ہیں طلبہ علم ان کتابوں کو حاصل کریں..اور اس مٹے ہوئے علم کو اچھی طرح پڑھیں..

(۴) تیر اندازی کے فضائل کا مختصر خلاصہ.....احادیث مبارکہ سے درج ذیل ہے..

• آپ صلی اللہ علیہ وسلم خود تیر اندازی فرماتے تھے..ایک بار تو اتنے تیر چلائے کہ کمان ٹوٹ گئی..جو حضرت قتادہ بن نعمان رضی اللہ عنہ نے رکھ لی • تیر اندازی حضرت سیدنا اسماعیل علیہ الصلٰوۃ والسلام کی وراثت ہے..ملاحظہ فرمائیے بخاری شریف • تیر اندازی کی مجلس میں فرشتے حاضر ہوتے ہیں..سبحان اللہ..وہ کتنی معزز اور روحانی مجلس ہوتی ہے جس میں حضرات ملائکہ شامل ہوں..حضرات ملائکہ کے اعزاز اور احترام کے لیے...اہل علم نے ”تیر اندازی“ کے باقاعدہ آداب لکھے ہیں...جیسے کسی مجلس میں قوم کے سردار اور حاکم شریک ہوں تو اس مجلس کے آداب عام مجلس سے الگ ہوتے ہیں... • تیر اندازی سے ”ھم اور غم“ ختم ہوتے ہیں..یعنی پریشانیاں، تفکرات، ٹینشن اور غم، گھٹن سے انسان کو آزادی ملتی ہے..علامہ ابن قیم رحمۃ اللہ علیہ فرماتے ہیں کہ..اگر تیر اندازی کی صرف یہی ایک فضیلت ہوتی تو بھی یہ کافی تھی...(کیونکہ پریشانیاں اور ھموم و غموم انسان کو مار دیتے ہیں، گرا دیتے ہیں)

(۵) آج اسی قدر پر اکتفا کرتے ہیں....باقی آئندہ ان شاءاللہ...

والسلام

خادم.....لااله الاالله محمد رسول الله