13.03.2026

بسم اللہ الرحمن الرحیم

<مکتوب خادم>

ایک عجیب نعمت

السلام علیکم ورحمة اللہ وبرکاته...

اللہ تعالی نے اپنے حبیب حضرت محمد صلی اللہ علیہ وسلم کی امت کو...کیسی عظیم نعمتیں عطاء فرمائی ہیں ”درود ابراہیمی“ ہی کو دیکھ لیں..کیسا نور، اجر اور سکون کا خزانہ ہے..کوئی انسان صرف دس بار توجہ سے پڑھ لے تو کہاں سے کہاں پہنچ جاتا ہے..اور کتنا کچھ پا لیتا ہے...

اس امت کو جو ”فرائض“ ملے...انکی شان تو بے حد بلند ہے..نماز، روزہ، زکوۃ، حج اور جہاد فی سبیل اللہ...ایک ایک فرض کی حقیقت اور فضیلت کوئی ساری زندگی بیان کرتا رہے تو عمر ختم ہو جائے..مگر حق ادا نہ ہو سکے..دراصل یہ امت اللہ تعالی کو بہت پیاری ہے..بہت محبوب ہے...یہ ٹرمپ، مودی، نیتن یاہو تو وقتی غلاظت کا ڈھیر ہیں..چند دن بعد ان کا نام بھی کوئی ادب سے لینے والا نہ ہوگا..مسلمانوں نے اسلام کی قدر نہیں کی تو یہ سانپ وقتی طور پر مسلّط ہو گئے...مگر نہ اُن کا کوئی ماضی ہے اور نہ کوئی مستقبل..یہ حقیر پانی کے بلبلے ہیں جو ختم ہو جائیں گے..جبکہ یہ امت عظیم تھی، عظیم ہے اور عظیم رہے گی..یہ جیسے ہی جہاد کی طرف لوٹے گی..واپس ساری دنیا پر چھا جائے گی ان شاءاللہ..بات یہ چل رہی تھی کہ.....فرائض کی تو بات ہی کیا ہے..مگر فرائض کے علاوہ بھی اس امت کو بڑی عظیم الشان نعمتیں ملی ہوئی ہیں..ان نعمتوں میں سے ایک ”درود ابراہیمی“ ہے..اس درود کی عظمت، شان کا اندازہ اس سے لگائیں کہ..اللہ تعالی نے اسے ”نماز“ میں رکھ دیا ہے..اور نماز تو معراج ہے معراج..بلندی ہی بلندی..”درود ابراہیمی“ کا اجر اور اسکی تأثیر اتنی زیادہ ہے کہ...اگر یہ کسی خوش نصیب دل پر کھل جائے تو پھر اُس کے دنیا اور آخرت میں مزے ہو جاتے ہیں..اس میں ہدایت کا عجیب نور ہے..محبت کے عجیب جلوے ہیں..دلوں کی صفائی کی عجیب تأثیر ہے..غناء اور شفاء کا عجیب راز ہے اور سکون تو اتنا ہے کہ بیان سے باہر....آپ اس کو پڑھتے جائیں تو اللہ تعالی کے بھی قریب ہوتے جائیں گے اور رسول پاک صلی اللہ علیہ وسلم کے بھی قریب..آپ اس کو اخلاص کے ساتھ پڑھتے جائیں آپ کی دینی، دنیوی اور اُخروی حاجات بغیر مانگے پوری ہوتی جائیں گی..آپ اس کو محبت سے پڑھتے جائیں آپ رحمت اور برکت میں ڈوبتے جائیں گے..اور آپ کے کام خود بخود بنتے جائیں گے..

اس درود پاک میں ذکر اللہ بھی ہے..دعاء بھی ہے..حق رسول کی ادائیگی بھی ہے..صفات الہی کا تذکرہ بھی ہے..اور اتنی عظیم اور وسیع رحمت ہے جو صدیوں اور زمانوں پر اور عرش تا فرش چھائی ہوئی ہے..

رمضان المبارک کے آخری ایام بہت قیمتی ہوتے ہیں..نفس کے شیطانی اثرات کوشش کرتے ہیں کہ...رمضان کا آخری حصہ خراب کرا دیں..گھریلو جھگڑے، بازار کی کشش، عید کے نام پر غفلت اور دنیوی فکریں....ایسے میں ”درود ابراہیمی“ کے نور سے استفادہ کر کے...خود کو اندھیروں سے بچایا جا سکتا ہے...ان شاءاللہ..

والسلام

خادم.....لااله الاالله محمد رسول الله